Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں تیار کردہ ایک لاکھ 20 ہزار موبائل فونز کی برآمد

اس وقت پاکستان میں دو درجن سے زائد کمپنیاں مقامی سطح پر موبائل فونز تیار کر رہی ہیں(فائل فوٹو: ٹیک سپاٹ)
پاکستان کی ایک کمپنی نے مقامی سطح پر تیار کیے گئے موبائل فونز کی بھاری کھیپ برآمد کی ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب بدھ کو جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا کہ انووی ٹیلی کام کمپنی نے سیگو برانڈ کے ایک لاکھ 20 ہزار موبائل فونز افریقی مارکیٹ کے لیے متحدہ عرب امارات کو برآمد کیے ہیں۔
بدھ کو ’میڈ اِن پاکستان‘ موبائل فونز کی برآمد کے سلسلے میں پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی کے اسلام آباد میں واقع ہیڈ کوارٹر میں ایک تقریب بھی منعقد ہوئی۔
اس موقعے پر پی ٹی اے کے حکام نے پاکستان میں موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ ایکو سسٹم کی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
پی ٹی اے نے موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ ریگولیشن 2021 کے تحت 9 اپریل 2021 کو انووی ٹیلی کام لمیٹڈ کو  موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ کا اجازت نامہ جاری کیا تھا۔
بعدازاں 10 اگست کو پی ٹی اے نے لکی موٹر کارپوریشن لمیٹڈ کو سام سنگ موبائل ڈیوائسز کی مقامی سطح پر تیاری کی اجازت دی تھی۔
گذشتہ برس اگست ہی میں پی ٹی اے نے بتایا تھا کہ پاکستان میں مقامی سطح پر موبائل سازی کی صنعت نے موبائل فونز کی درآمدات کی شرح کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
 پی ٹی اے کے مطابق جنوری سے جولائی 2021 کے دوران پاکستان میں ایک کروڑ 22 لاکھ ستر ہزار (12.27ملین) موبائل فونز تیار کیے گئے جبکہ اسی عرصے میں درآمد شدہ موبائل فون کی تعداد 82 لاکھ 90 ہزار(8.29 ملین) ریکارڈ کی گئی۔

مقامی مارکیٹ میں تیارکردہ فونز کی مانگ میں اضافہ

رواں برس جون میں جب پاکستان کی حکومت نے موبائل فون کی درآمد پر پابندی عائد کی تو مقامی طور پر تیار کردہ موبائل فونز کی مانگ میں اضافہ دیکھا گیا۔
اس دوران خام مال کی ترسیل میں مشکلات کی شکایات بھی سامنے آتی رہیں لیکن وقفوں وقفوں سے موبائل مینوفیکچرنگ کا کام جاری رہا۔
واضح رہے کہ اس وقت پاکستان میں دو درجن سے زائد کمپنیاں مقامی سطح پر موبائل فونز تیار کر رہی ہیں۔

شیئر: