Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں تیار کردہ موبائل فونز کی تعداد درآمد شدہ فونز سے زیادہ

موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ ریگولیشنز کے تحت اب تک 26 کمپنیوں کو موبائل تیار کرنے کا اجازت نامہ جاری کیا گیا ہے۔(فائل فوٹو:روئٹرز)
پاکستان میں مقامی سطح پر موبائل سازی کی صنعت نے موبائل فون کی درآمدات کی شرح کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
 پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(پی ٹی اے) کے مطابق جنوری سے جولائی 2021 کے دوران پاکستان میں ایک کروڑ 22 لاکھ ستر ہزار (12.27ملین) موبائل فونز تیار کیے گئے جبکہ اسی عرصے میں درآمد شدہ موبائل فون کی تعداد 82 لاکھ 90 ہزار(8.29 ملین) ریکارڈ کی گئی۔
گزشتہ برس پی ٹی اے کے موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ (ایم ڈی ایم) اجازت ناموں سے متعلق ریگولیٹری نظام کے اجرا کے بعد سے مقامی سطح پر تیار ہونے والے موبائل فونز کی تعداد میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔پی ٹی اے کے مطابق نیا ریگولیٹری نظام متعارف کروانے کے پہلے ہی سال میں ایک کروڑ 22 لاکھ 70 ہزار (12.27 ملین) موبائل فون تیار ہوئے جن میں 48 لاکھ 70 ہزار(4.87 ملین) 4 جی سمارٹ فونز بھی شامل ہیں۔
واضح رہے حکومت پاکستان کی جانب سے مینوفیکچررز کے لیے پاکستان میں اپنے یونٹ کے قیام کے حوالے سے متعارف کرائی گئی موبائل مینوفیکچرنگ پالیسی کی روشنی میں پی ٹی اے نے 28 جنوری 2021 کوموبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ (ایم ڈی ایم) ریگولیشنز جاری کیں جس کے تحت اب تک 26 کمپنیوں کو موبائل تیار کرنے کا اجازت نامہ جاری کیا گیا ہے۔
ان کمپنیوں میں مشہور برانڈز جیسا کہ سام سنگ، نوکیا، اوپو، ٹیکنو، انفینکس، ویگوٹل، کیو موبائل وغیرہ شامل ہیں۔

شیئر: