خط لکھ دیا، سپیکر استعفوں کی تصدیق کے لیے بلا لیں: فواد چوہدری
جمعرات 15 دسمبر 2022 10:02
اپریل میں وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے موقع پر پی ٹی آئی ارکان نے استعفے دے دیے تھے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان تحریک کے انصاف کے رہنماؤں شاہ محمود قریشی اور فواد چوہدری نے کہا ہے کہ موجودہ بحران سے نکلنے کا واحد حل نئے انتخابات کا فوری انعقاد ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے کہا کہ تحریک انصاف کے ارکان کے استعفوں کی منظوری کے لیے سپیکر کو خط لکھ دیا ہے۔ ’وہ چاہیں تو ایک ساتھ سب کو بلائیں یا الگ الگ استعفوں کی تصدیق کے لیے طلب کریں۔‘
فواد چوہدری نے کہا کہ موجودہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو گئی ہے۔ صدر مملکت کی جانب سے تصفیے کی کوششوں کا مثبت جواب نہ ملنے پر وہ مایوس ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز اور حمزہ شہباز کے خلاف مقدمات میں سپریم کورٹ میں فریق بنیں گے۔
تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ ’مسلم لیگ ق کے ساتھ مل کر الیکشن لڑیں گے۔ اتحادی جماعت کو ایڈجسٹ کریں گے۔‘
قبل ازیں فواد چوہدری نے حکومت پر ’جھوٹ بولنے‘ کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی کے مستعفی ہونے والے ارکان کو تنخواہ نہیں مل رہی۔
فواد چوہدری نے ٹویٹ کیا تھا کہ ’کل سپریم کورٹ میں کہا گیا کہ تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی (میں) نہیں آ رہے لیکن تنخواہ لے رہے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’جج صاحبان کو میڈیا پر آنے والی ہر خبر کو پہلے تصدیق کے عمل سے گزارنا چاہیے۔ حقیقت یہ ہے کہ یہ ایک اور حکومتی جھوٹ تھا۔‘
ان کے مطابق ’مستعفی ارکان کی تنخواہیں معطل ہیں اور کسی رکن کو تنخواہ نہیں مل رہی۔‘
خیال رہے کہ رواں برس اپریل میں اس وقت کے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے موقع پر پی ٹی آئی کے تمام ارکان نے استعفے دے دیے تھے، جن میں سے بعدازاں چند کو سپیکر قومی اسمبلی نے منظور کیا تھا اور ان نشستوں پر ضمنی انتخابات کرائے گئے تھے۔