Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان کو قتل کرنے کے لیے مذہب کارڈ استعمال ہو رہا ہے: فواد چوہدری

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’یہ سارے لوگ عمران خان کے قتل پر کام کر رہے ہیں‘ (فائل فوٹو: پی آئی ڈی)
تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ’عمران خان الیکشنز جیت رہے ہیں اس لیے یہ حکومت ان سے خوف زدہ ہے۔‘
پیر کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’یہ چاہتے ہیں کہ عمران خان انتخابات نہیں ہار رہا تو انہیں جسمانی طور پر ختم کیا جائے۔‘
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ ’عمران خان کو ختم کرنے کے لیے مذہب کارڈ استعمال کرنا بھی ان کے لیے کوئی مسئلہ نہیں ہے، آج مریم نواز نے جو ٹویٹ کی یا اس سے پہلے مولانا فضل الرحمان کر رہے ہیں۔‘
ان کے مطابق ’یہ چاہتے ہیں کہ چونکہ عمران خان الیکشنز نہیں ہار رہے، تو ان کو جسمانی طور پر ختم کیا جائے، میڈیا سٹریٹجک سیل مریم نواز چلاتی ہیں، اور پیسے بھی وہی خرچ کرتی ہیں، سکیم بنانا بھی ان کا کام ہے۔‘
’افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ فہد حسین جیسا شخص جس سے آپ توقع کرتے ہیں کہ وہ اس طرح کے معاملات میں نہیں پڑے گا، وہ بھی اس سارے عمل میں شریک ہے، ان سب افراد کی باری بھی آئے گی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’صحافیوں کا گروپ جو مریم نواز کے سٹریٹجک سیل کے ساتھ کام کرتا ہے، اس نے بھی ایک ویڈیو بنا کر شیئر کی، یہ کبھی عمران خان کا ایک بیان نکالتے ہیں کبھی دوسرا۔‘
’یہ سارے لوگ دراصل عمران خان کے قتل کے اوپر کام کر رہے ہیں، یہ ساری سکیم کے چھوٹے چھوٹے حصے دار ہیں۔‘
سابق وزیر اطلاعات نے دعویٰ کیا کہ ’عمران خان کے خلاف مہم چلانے والے صحافیوں کے پیچھے مریم نواز کا میڈیا سٹریٹجک سیل ہے۔‘
’یہ واحد حکومت ہے جس نے سیاسی مخالفین کے خلاف پہلے توہین مذہب کے مقدمات قائم کیے اور پھر دہشت گردی کے کیسز بنائے، اور جب پھر بھی بات نہیں بنی تو یہ مذہبی منافرت کا موحول بنانا چاہتے ہیں۔‘

ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ ’اتوار کی والی ٹیلی تھون میں 5 ارب 20 کروڑ روپے سے زائد کے عطیات اکٹھے ہوئے‘ (فوٹو: سکرین گریب)

3 ارب 83 کروڑ روپے موصول، متاثرین میں نقد رقوم تقسیم کریں گے: ثانیہ نشتر
اس موقع پر احساس پروگرام کی سابق چیئرپرسن ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ ’سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے پہلی ٹیلی تھون میں پانچ ارب روپے سے زائد کے عطیات اکٹھے ہوئے۔‘
‘ان میں سے دو ارب روپے دوسرے مرحلے میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے وقف کیے گئے ہیں۔ اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے ایک ارب 90 کروڑ روپے جبکہ پاکستان میں مقیم شہریوں نے ایک ارب 93 کروڑ روپے جمع کروائے ہیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’پاکستان سمیت دنیا بھر سے تقریباً ایک لاکھ پاکستانیوں نے سیلاب متاثرین کے لیے عطیات جمع کروائے۔‘
ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ ’اتوار کے روز منعقد ہونے والی ٹیلی تھون میں دو گھنٹوں کے دوران 5 ارب 20 کروڑ روپے سے زائد کے عطیات اکٹھے ہوئے۔‘

شیئر: