Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پٹھان کون ہے، کیا وہ کسی فٹ بالر جیسا ہے؟‘ شاہ رخ اور رونی کے درمیان مکالمہ

فلم ’پٹھان‘ اگلے سال 25 جنوری کو ریلیز ہوگی۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
بالی وڈ کے ’کنگ‘ شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ اگلے سال جنوری میں ریلیز ہوگی اور اس کی پروموشن کا بیڑا انہوں نے خود اٹھا رکھا ہے۔
اتوار کو ارجنٹائن اور فرانس کے درمیان قطر میں کھیلے جانے والے فائنل سے قبل شاہ رخ خان انگلینڈ اور مانچیسٹر یونائیٹڈ کے سابق فٹ بالر وین رونی کے ساتھ ایک ٹی وی شو میں جلوہ گر ہوئے۔
اس پروگرام کے دوران وین رونی نے پوچھا ’پٹھان کون ہے؟ کیا وہ کسی فٹ بال شخصیت جیسا ہے؟‘
اس سوال پر پہلے شاہ رخ خان مسکرائے اور پھر کہا ’میں یہ اس لیے نہیں کہہ رہا کیونکہ آپ (رونی) یہاں ہیں۔ میں آپ کو ایمانداری سے بتاؤں گا کہ پٹھان کون ہے۔‘
شاہ رخ خان نے اپنی بات کو جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’جب آپ پھنس جاتے ہیں اور آپ کو کسی مسئلے کا حل نہیں مل رہا ہوتا اس وقت آخری لمحے میں جس شخص کو آپ پکارتے ہیں اسے پٹھان کہتے ہیں۔‘
انڈین اداکار نے سابق انگلش فٹ بالر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’میرے لیے اگر کوئی بھی فٹ بالر پٹھان ہوسکتا تو وہ ہمیشہ آپ ہوتے۔‘
اس پروگرام کے دوران شاہ رخ خان اور وین رونی کی لی گئی ایک تصویر بھی وائرل ہوئی ہے جس میں دونوں بالی وڈ کنگ کے انداز میں کھڑے ہیں۔
شاہ رخ خان اور دیپیکا پاڈوکون کی فلم ’پٹھان‘ 25 جنوری 2023 میں ریلیز ہوگی۔ اس فلم میں پہلی مرتبہ شاہ رخ خان اور جان ابراہم بھی ساتھ نظر آئیں گے۔
یہ شاہ رخ خان اور دیپیکا پاڈوکون کی چوتھی فلم ہے جس میں دونوں نے اکٹھے کام کیا ہے۔
دیپیکا پاڈوکون نے 2007 میں اپنی پہلی ہی فلم اوم شانتی اوم میں شاہ رخ خان کے ساتھ کام کیا تھا۔ اس کے بعد وہ ہیپی نیو ایئر اور چنائے ایکسپریس میں بھی ایک ساتھ نظر آئے۔

شیئر: