نیوم میں شوٹنگ، شاہ رخ خان سعودی عرب کے شکرگزار
شاہ رخ خان نے سعودی عرب کی وزارت ثقافت کا شکریہ ادا کیا (فوٹو: انڈین ایکسپریس)
سعودی عرب کے شہر نیوم میں پہلی انڈین فلم ’ڈنکی‘ کی شوٹنگ مکمل ہوئی ہے جس میں بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان نے کام کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اس بات کا اعلان اتوار کو جدہ میں جاری ریڈ سی فلم فیسٹیول میں کیا گیا۔
اس موقعے پر نیوم کے مینجنگ ڈائریکٹر ویئن بروگ نے اپنے مدمقابل ابوظبی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’ہماری خواہشات ان سے زیادہ بڑی ہیں۔‘ ابوظبی حالیہ چند برسوں سے ہالی وڈ فلموں کی کافی زیادہ شوٹنگز ہوئی ہیں۔
شاہ رخ خان نے فلم کی شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں انہوں نے سعودی عرب کی وزارت ثقافت کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’میں شوٹنگ کے لیے اتنی شاندار جگہ مہیا کرنے اور گرمجوشی سے میزبانی کرنے پر سعودی وزارت ثقافت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘
شاہ رخ خان نے نیوم میں فلم کی شوٹنگ مکمل کرنے کے بعد عمرہ ادا کیا اور ریڈ سی فلم فیسٹیول میں شرکت کی۔
ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں شاہ رخ خان کو فلمی دنیا میں خدمات کے اعتراف میں اعزازی ایوارڈ سے نوازا گیا۔
اس موقعے پر شاہ رخ خان نے کہا کہ ’یہ ایوارڈ ملنے پر میں ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کا بے حد ممنون ہوں، سعودی عرب میں اپنے مداحوں کے درمیان آکر مجھے بہت اچھا محسوس ہو رہا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ وہ خطہ ہے جہاں سے میری فلموں کو بھرپور سپورٹ ملی ہے، میں اس خطے کے ٹیلنٹ کو سہرانے اور یہاں کی فلم کمیونٹی کا حصہ بن کر بہت پُرجوش ہوں۔‘