’گووندا نام میرا‘ او ٹی ٹی پر سب سے زیادہ دیکھی جانے والی فلم
ریلیز کے ایک ہفتے کے اندر ہی فلم باکس آفس پر ریکارڈ توڑ چکی ہے (فوٹو:سوشل میڈیا)
وکی کوشل اور کیارا اڈوانی کی فلم ’گووندا نام میرا‘ او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر آتے ہی چھا گئی ہے اور اس فلم کو اب تک 92 لاکھ افراد دیکھ چکے ہیں۔
جب کرن جوہر کی دھرما پروڈکشن نے فلم کا اعلان کیا تھا تب سے ہی شائقین اس فلم کا بےصبری سے انتظار کر رہے تھے۔
انٹرٹینمنٹ کی خبروں سے متعلق ویب سائٹ کوئی موئی ڈاٹ کام کے مطابق دھرما پروڈکشن کے تعاون سے بننے والی اس فلم کو ’دلہنیا‘ کے ڈائریکٹر ششانک کھیتان نے ڈائریکٹ کیا ہے۔ ریلیز کے ایک ہفتے کے اندر ہی یہ فلم باکس آفس پر بزنس کے کچھ ریکارڈ توڑ چکی ہے۔
شائقین اُس وقت سرپرائز ملا تھا جب انہوں نے اس فلم کے ایک گانے میں رنبیر کپور کو بھی وکی کوشل اور کیارا اڈوانی کے ساتھ دیکھا تھا۔
’گووندا نام میرا‘ رواں ہفتے او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر سب سے زیادہ دیکھی جانے والی فلم بن گئی ہے۔
دلچسپ بات یہ کہ فیفا ورلڈ کپ کے جنون میں بھی اس فلم نے 92 لاکھ ویوز حاصل کیے جو غیرمعمولی ہے۔ اس کے علاوہ یہ فلم حالیہ دنوں میں ریلیز ہونے والی دیگر تمام فلموں کو مات دینے میں کامیاب رہی ہے۔
مجموعی طور پر’گووندا نام میرا‘ کو او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ایک سپر ہٹ اور کرن جوہر کی دھرما پروڈکشن کے لیے ایک اور ڈیجیٹل کامیابی کہا جا سکتا ہے۔
دھرما پروڈکشن کے پاس کافی سارے پراجیکٹس پائپ لائن میں ہیں۔ عالیہ بھٹ اور رنویر سنگھ کی ’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ کے بعد اکشے کمار اور عمران ہاشمی کی ’سیلفی‘، سدھارتھ ملہوترا اور دیشا پٹانی کی ’یودھا‘، جھانوی کپور اور راجکمار راؤ کی ’مسٹر اینڈ مسز ماہی‘ اور ’بے دھڑک‘ پر کام شروع ہوگا۔