Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹوئٹر نے کون سے نئے ویریفائیڈ بیجز متعارف کروائے ہیں؟

ایلون مسک کے ٹوئٹر سنبھالنے کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر کئی تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔ (فوٹو: روئٹرز)
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے اپنے پلیٹ فارم پر ویریفائیڈ بیجز کی نئی اقسام متعارف کروا دی ہیں۔
ٹوئٹر نے اپنے پلیٹ فارم پر مختلف قسم کے کئی نئے بیجز متعارف کروائے ہیں۔
سوشل میڈیا کے ماہر میٹ نوارا کے مطابق ٹوئٹر نے ٹوئٹر بلیو، بزنس، گورنمنٹ اور ایفیلیٹ کے نام سے نئے بیجز متعارف کروائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’بزنس بیج کاروبار کرنے والے صارفین کو دیا جائے گا جبکہ اس بیج کا رنگ پیلے رنگ کا ہے۔‘

میٹ نوارا کا کہنا تھا کہ ’ٹوئٹر پر نیا بیج گورنمنٹ کے نام سے ہے۔‘
گورنمنٹ کا بیج دنیا بھر کے حکومتی عہدیداروں کے لیے مختص کیا گیا ہے جبکہ یہ دنیا بھر میں موجود سرکاری کمپنیوں کے لیے بھی مختص کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ ایک بیج لیگیسی ویریفیکیشن کا ہے جو کہ ٹوئٹر کا روایتی بیج ہے۔
میٹ نوارا نے مزید کہا کہ ٹوئٹر پر’آفیشل‘ کا بیج بھی ابھی تک دیکھنے میں آ رہا ہے۔

ٹوئٹر نے ایک اور تبدیلی کرتے ہوئے بزنس اکاؤںٹس کی پروفائل پکچر کو چوکور کر دیا ہے جبکہ ذاتی اکاؤںٹس کی تصویر گول دائرے کی شکل کی ہی رہے گی۔

دوسری جانب ٹوئٹر کی طرف ٹوئٹر بلیو نامی نیا بیج بھی متعارف کروا دیا گیا ہے جو ٹوئٹر کا کاروباری بیج ہے، جسے استعمال کرنے کے لیے صارفین کو ماہانہ پیسے دینے ہوں گے۔
ٹوئٹر کے مطابق ’اس بیج کے ذریعے دنیا بھر میں کاروباری حلقوں کو ٹوئٹر پر نیٹ ورک بنانے کا موقع مل سکے گا، جبکہ کاروبار سے منسلک افراد اور برینڈز کو موقع ملے گا کہ وہ ٹوئٹر کی ڈی این اے کو جان سکیں۔‘

ٹوئٹر نے مزید کہا کہ ’ہم اس کے نئے طریقہ کار، قیمت اور مراحل کو دوبارہ بتائیں گے اور ابھی ہم محدود حلقوں کو بلیو فار بزنس تک رسائی دے رہے ہیں۔ تاہم اگلے سال مزید صارفین کو اس تک رسائی دی جائے گی۔‘
ٹوئٹر بزنس نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’آج ہم بزنس کے ٹوئٹر بلیو کو متعارف کروانے جا رہے ہیں، یہ ایک نیا پروگرام ہے جس کے ذریعے کاروباری شخصیات کو موقع ملے گا کہ وہ برینڈز اور خاص ملازمین کو امتیازی حیثیت دیں، ان اکاؤنٹس کے نام کے ساتھ کمپنی کا چوکور بیج بھی آویزاں کیا جائے گا۔‘
واضح رہے کہ ایلون مسک کے ٹوئٹر سنبھالنے کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر کئی تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔
اسی سلسلے میں صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے بھی دیکھنے میں آ رہے ہیں۔
کِنزِیا رِینیلی نے میم شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ٹوئٹر انجینیئرز ویرفیکیشن بیج پر کام کرتے ہوئے۔‘

کائیو ہینریکے کا کہنا تھا کہ ’یہ ایک پزل ہے، جو بھی اسے سلجھائے گا، وہ فورا مر جائے گا اور جنت میں جائے گا۔‘

روبن نے مزاحیہ انداز میں ٹویٹ کیا کہ ’ایلون مسک ویرفیکیشن بیج اپنے ساتھ لیے آپ کے گھر آپ کو لا کر دیتے ہوئے۔‘

شیئر: