Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بالکل ہی بے ذائقہ‘، شاہ رخ کے گانے ’جھومے جو پٹھان‘ پر ردعمل

شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ کا پہلے ریلیز کردہ گیت تنازعات کا شکار ہے۔ فوٹو: سکرین گریب
بالی وُڈ کے کنگ شاہ رخ خان کی نئی آنے والی فلم ’پٹھان‘ کا ایک اور گانا جمعرات کو ریلیز کر دیا گیا ہے۔
پٹھان کے نئے گانے ’جھومے جو پٹھان‘ میں شاہ رخ خان اور دیپکا پاڈوکون نظر آ رہے ہیں۔
’جھومے جو پٹھان‘ نے ریلیز کے بعد پہلے 9 گھنٹوں میں ایک کروڑ ویوز حاصل کر لیے۔
اس گیت کو گلوکار اریجیت سنگھ، سُکریتی ککڑ، وشال اور شیکھر نے گایا ہے۔
اس سے پہلے 12 دسمبر کو ’پٹھان‘ کا پہلا گانا ’بے شرم رنگ‘ ریلیز کیا گیا تھا جو تنازعات کا شکار ہو گیا۔
’بے شرم رنگ‘ نے 10 دنوں میں 10 کروڑ سے زیادہ ویوز حاصل کیے ہیں جبکہ اپنی ریلیز کے بعد یہ گانا میوزک پلیٹ فارمز اور یوٹیوب پر مسلسل ٹرینڈ کر رہا ہے۔
شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘  کا شمار بالی وُڈ کی 2023 میں آنے والی بڑی فلموں میں کیا جا رہا ہے لیکن فلم کے دونوں گانے عوام کو اچھی طرح سے پسند نہیں آئے۔
’پٹھان‘ کے پہلے گانے کو عریاں مناظر کے باعث شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ نئے گانے جھومے جو پٹھان کو بوریت سے بھرپور کہا جا رہا ہے۔
فلم کا ابھی تک ٹریلر جاری نہیں کیا گیا لیکن گانوں کے سٹریمنگ پلیٹ فارم سپاٹیفائی پر ’پٹھان‘ کے میوزک البم کو ریلیز کیا گیا ہے جس کے بعد اس بات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ فلم کا مزید کوئی اور گانا ریلیز نہیں ہو گا۔
پٹھان کی موسیقی کو مشہور میوزک ڈائریکٹرز وشال اور شیکھر کی جوڑی نے ترتیب دیا ہے جبکہ فلم کی ہدایت کاری سدھارتھ آنند نے کی ہے۔
25 جنوری 2023 کو ریلیز ہونے والی فلم ’پٹھان‘ کے نئے گانے کے بارے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صارفین کی جانب سے مایوسی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
ٹوئٹر صارف دیپکا نرائن بھردواج لکھتی ہیں کہ ’جب ٹام کروز 60 سال کی عمر میں ناممکن کرتب کر رہے ہیں تو شاہ رخ خان 57 سال کے ہو کر ایسے بوریت سے بھرپور گانے بنا رہے ہیں، میں سچ میں سمجھ رہی تھی کہ وہ کچھ نیا لائیں گے۔‘
شانیکا نامی ٹوئٹر ہینڈل سے لکھا گیا کہ جیسے ’بے شرم رنگ‘ بہت مزیدار سا تھا، ’جھومے جو پٹھان‘ اس کے الٹ ہے، بہت بورنگ۔
کارتھک نامی صارف نے کہا کہ 'جھومے جو پٹھان کے بارے میں سب کچھ بہت شرمناک حد تک برا اور پرانا ہے، موسیقی، مناظر سب کچھ۔‘

نتن موہن نے کہا کہ ’یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ وشال اور شیکھر نے شاہ رخ خان کو ’پٹھان‘ میں گرا دیا ہے، ’جھومے جو پٹھان‘ بالکل ہی بے ذائقہ ہے کہ آڈیو پر سنا ہی نہیں جا سکتا، ایسی رنگین فلم کے لیے کوریوگرافی بھی اوسط درجے کی ہے۔‘

شیئر: