ریاض.... سعودی شہری کواپنی نومولود کا نام ایوانکا رکھنے کی اجازت نہیں ملی۔ مجبوراً اس نے اپنی بیٹی کا نام لمیٰ رکھ دیا۔ ایوانکا نام رکھنے پر سوشل میڈیا میں شہری کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔وہ امریکہ اور مغربی ممالک میں بھی مشہور ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق عرعر میں مقیم سعودی شہری سالم العنزی کے ہاں بیٹی ہوئی جس کا نام اس نے ایوانکا رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ جب بچی کاسرٹیفکیٹ لینے وہ متعلقہ محکمے پہنچا تو اسے بتایا گیا کہ یہ نام نہیں رکھا جاسکتا۔ ضوابط کے مطابق مغربی اور غیر اسلامی ناموں پر پابندی ہے۔ اس نے اہلکار کو سمجھانے کی کوشش کی مگر ناکام رہا۔ مایوسی کی حالت میں وہ محکمے کے باہر آیا اور ٹویٹر و سوشل میڈیا میں اپنی خواہش اور متعلقہ محکمے کی پابندی کا ذکر کیا۔اس پر سعودی شہریوں و مقیم غیر ملکیوں کی جانب سے کافی لے دے ہوئی۔ بعض نے اسے تنقید کا نشانہ بنایا جس پر شہری نے بالاخر بیٹی کا نام لمیٰ رکھ دیا۔ شہری نے کہا ہے کہ اس کی خواہش تھی کہ اسکا نام ایوانکا لکھوایا جائے مگر ایسا نہیں ہوسکا۔ اس نے کہا کہ سرکاری دستاویزات میں بچی کا نام لمیٰ تو ہے لیکن گھر میں ہم اسے ایوانکا ہی پکاریں گے۔