ٹیسٹ میں ایک غلطی میچ کے نتیجے کو تبدیل کر دیتی ہے: بابر اعظم
اتوار 25 دسمبر 2022 11:44
انگلینڈ کی ٹیم نے پاکستان کو تین میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کر دیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ اُن کی ٹیم کی پوری توجہ میدان میں کارکردگی پر ہے کہ کیسے اچھے طریقے سے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کا آغاز کرنا ہے۔
اتوار کو کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف شکست کی وجہ سے تنقید ہو رہی ہے۔
پیر سے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں شروع ہو رہا ہے۔
پاکستانی کپتان نے کہا کہ ’پچھلی سیریز میں چھوٹی چھوٹی غلطیوں کی وجہ سے ہم پیچھے رہ گئے تھے۔ وہ غلطیاں ٹھیک کریں گے اور اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ پچھلی سیریز ہارے ہیں لیکن پورا یقین ہے کہ اب کم بیک کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ میچ میں ایک غلطی میچ کے نتیجے کو تبدیل کر دیتی ہے۔
’ہماری سٹرینتھ بیٹنگ ہے اور ہم نے اس میں اچھا پرفارم کیا ہے۔ بولنگ میں بھی کم بیک کریں گے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ جو بہترین الیون لگ رہی تھی اس کو میچ میں موقع دیا۔
گزشتہ ہفتے کراچی میں تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کی ٹیم نے پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کیا تھا۔