نئی دہلی .... ایڈمنسٹریٹرز کی کمیٹی نے بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) سے کہا ہے کہ وہ اپنے ارکان سے مینڈیٹ لیں اور پھر اپنے قائم مقام سیکریٹری امیتابھ چوہدری کو آئی سی سی سے مالیاتی شرائط پر بات چیت کیلئے اختیارات دیں۔ کمیٹی نے بی سی سی آئی کی ریاستی شاخو ں کے نمائندو ں سے بھی کہا کہ 570ملین ڈالر کے ریونیو پر آئی سی سی سے بات چیت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ کرکٹ کے عالمی ادارے سے محاذ آرائی ضروری نہیں اوریہی مسئلے کا بہترین حل ہے۔ اگر انہیں مالی امور پر کوئی مسئلہ ہو تو وہ معاملے کو آئی سی سی کی گورننگ باڈی کی سطح پر اٹھاسکتے ہیں۔ کمیٹی نے ا س بات پر زوردیاکہ ہند کو چیمپیئنز ٹرافی میں حصہ لینا چاہئے اور ریونیو میں اضافے کیلئے آئی سی سی سے بات جاری رکھنی چاہئے۔