سعودی ڈاکٹروں نے مسجد نبوی کے صحن میں ایک زائر کی زندگی بچالی
مسجد نبوی کے قریب کئی ہیلتھ سینٹر کام کررہے ہیں( فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی ڈاکٹروں نے مسجد نبوی کے صحن میں ایک ایشیائی عمرہ زائر کی زندگی بچائی ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مدینہ منورہ ہیلتھ کمپلیکس کا کہنا ہے کہ ہلال احمر کے اہلکار باب جبریل ہیلتھ سینٹر کے ایمرجنسی وارڈ میں ایک ایشیائی باشندے کو لائے تھے جس کی حرکت قلب بند ہوگئی تھی۔
باب جبریل ہیلتھ سینٹر مسجد نبوی کے قریب واقع ہے اور یہ ہیلتھ کمپلیکس سینٹر ہے۔
ہیلتھ سینٹر کے ڈاکٹروں نے طبی معائنہ کیا تو پتہ چلا کہ عمرہ زائر کی حرکت قلب بند ہوگئی ہے اور اس کی سانس کا نظام معطل ہے۔
فوری طور پر سی پی آر کارروائی شروع کرکے 20 منٹ تک اس کے دل کو حرکت میں لانے کی کوششں کی گئی۔ بالاخر اس کے دل نے کام شروع کر دیا اور وہ دوبارہ سانس لینے لگا۔
بعد ازاں ایشیائی باشندے کو مکمل طبی معائنے کے لیے مدینہ منورہ جنرل ہسپتال میں منتقل کیا گیا۔
یاد رہے کہ مسجد نبوی کے قریب کئی ہیلتھ سینٹر کام کر رہے ہیں جہاں جدید میڈیکل مشینیں اور تربیت یافتہ عملہ موجود ہے۔ یہ ہیلتھ سینٹر 24 گھنٹے زائرین کی خدمت کے لیے ہیں۔