Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’دل کا دورہ‘، سعودی ڈاکٹروں نے ایرانی حاجی کی زندگی بچا لی

محمد رضا غلام رضا رفتیانی ایرانی میڈیکل مشن کے سربراہ ہیں۔ (فوٹو: وزارت صحت)
سعودی وزارت صحت نے کہا ہے کہ مکہ میں کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی کے طبی عملے نے ایک اور حاجی کی زندگی بچا لی ہے جس کو دل کا دورہ پڑا تھا۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حاجی کا نام محمد رضا غلام رضا رفتیانی ہے جو ایرانی میڈیکل مشن کے سربراہ ہیں۔
ساٹھ سالہ محمد رضا غلام رضا رفتیانی کو جب سینے میں درد محسوس ہوا تو ان کو پہلے اجیاد ہسپتال لے جایا گیا۔ اس کے بعد ان کی جان بچانے کے لیے کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی منتقل کیا گیا۔
بیان کے مطابق ڈاکٹروں نے کیتھیٹرائزیشن کے عمل سے ان کی دائیں اور بائیں شریانیں کھولیں اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سٹنٹ کا استعمال کیا۔
کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر محمد العتین نے مریض کا کامیاب آپریشن کیا تھا۔
 ڈاکٹر محمد العتین کا کہنا ہے کہ مملکت نے حجاج کے لیے موثر ہنگامی طبی سہولت کا انتظام کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ محمد رضا غلام رضا رفتیانی کا علاج ریکارڈ رفتار سے کیا گیا جس سے ان کی جان بچ گئی۔

جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ایرانی حاجی کا علاج کیا گیا۔ (فوٹو: وزارت صحت)

 اتوار تک مکہ، عرفات، مزدلفہ، منیٰ، جمرات اور طائف کے سرکاری ہسپتالوں اور صحت کے مراکز میں 93 ہزار 229 سے زائد عازمین کو صحت کی خدمات فراہم کی گئی ہیں۔
اب تک 10 اوپن ہارٹ سرجریز، 187 کارڈیک کیتھیٹرز (دل کی شریانوں کو کھولنے کا عمل)، 379 ڈائیلاسز آپریشنز، دس لیپروسکوپک آپریشنز اور 250 سے زیادہ دیگر سرجریز بھی کی گئیں۔
وزارت صحت کے ورچوئل ہیلتھ ہسپتال کی جانب سے 2200 سے زائد عازمین کو بھی طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔
دل میں تکلیف ہونے پر ایک اور ایرانی شہری حسین قاسمی جلم رضی کا بھی 2 جولائی کو کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی میں علاج ہوا تھا۔ علاج کے بعد انہوں نے حج ادا کیا۔

93 ہزار سے زائد عازمین حج کو صحت کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔(فوٹو: وزارت صحت)

کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی میں ایک 54 برس کے جرمن حاجی کا علاج کر کے زندگی بچائی گئی، جنہیں 8 جولائی کو دل کا دورہ پڑا تھا۔
سات جولائی کو وزارت صحت نے کہا تھا کہ کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی کے عملے نے ایک نائیجیرین حاجی کا بھی علاج کیا تھا۔ مریض کو تیز دھڑکن اور کم بلڈ پریشر کے باعث دل میں تکلیف محسوس ہوئی تھی تاہم کامیاب آپریشن کے بعد وہ اس قابل ہوئے کہ مناسک حج مکمل کر سکے۔

شیئر: