عمران خان کو وائٹ ہاؤس کی نہیں بلکہ بلاول ہاؤس کی سازش نے نکالا: بلاول بھٹو
بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان کو پی پی پی کے جیالوں نے نکالا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے وزیر خارجہ اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ’سابق وزیراعظم عمران خان کو وائٹ ہاؤس کی نہیں بلکہ بلاول ہاؤس کی سازش نے نکالا ہے۔‘
منگل کو گڑھی خدا بخش میں بے نظیر بھٹو کی پندرہویں برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ’عمران خان کو امریکی صدر نے نہیں بلکہ پیپلز پارٹی کے جیالوں نے نکالا ہے۔‘
’جیسے سابق صدر پرویز مشرف ماضی کا حصہ بن گئے ہیں اسی طرح سے عمران خان اور ان کے سہولت کار بھی ماضی کا حصہ بن چکے ہیں۔‘
انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’سلکیٹر نے آپ کو چھوڑ دیا یہی جمہوریت کا انتقام ہے۔‘
’مشرف کی طرح سلیکٹرز نے عمران خان کو بھی دودھ میں سے مکھی کی طرح باہر نکال دیا۔‘
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ ’پیپلز پارٹی کے جیالے ہی ملک کو مشکل سے نکال سکتے ہیں، جیالوں کے علاوہ اور کسی میں وژن اور صلاحیت ہی نہیں ہے۔’
پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ ’ہم لوگوں کو نہیں لڑوائیں گے بلکہ یکجہتی کی سیاست کریں گے۔‘
وزیر خارجہ نے دہشت گردی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’عمران خان کی دہشت گردوں سے متعلق پالیسی کو چھوڑنا پڑے گا اور اس پالیسی کا ازسر نو جائزہ لیا جائے گا۔‘
’دہشت گردوں کو شکست دیں گے لیکن یہ حساب دینا ہوگا کہ دہشت گرد کیسے ایک مرتبہ پھر سر اٹھا رہے ہیں۔ حساب دینا پڑے گا کہ یہ گناہ ہم نے دوبارہ کیسے دہرایا۔‘
بلاول بھٹو نے سوال کیا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو کس نے اجازت دی کہ وہ پاکستان کے عوام، دہشت گردی کے متاثرین اور پارلیمان سے پوچھے بغیر دہشت گردوں سے پاؤں پکڑ کر مذاکرات کرے اور ان کے آگے گھٹنے ٹیک دیں۔
’کس نے دہشت گردوں کو جیلوں سے نکلوایا۔ کس نے افغانستان کی جیلوں سے نکلنے والوں کو پاکستان میں بسنے دیا۔‘
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کر کے ان کی کمر توڑ دی تھی لیکن عمران خان کی حکومت میں دہشت گردوں کے ہی سفیر بن گئے، سلیکٹڈ کو مسلط کروا کر ایک مرتبہ پھر دہشت گردی نے سر اٹھایا۔