ہبلی.... ماں سے اٹوٹ محبت کی ایک مثال 38سالہ دیہاتی نے قائم کردی۔ وہ پچھلے ایک برس سے ہر ہفتے اپنی 70سالہ بوڑھی ماں کو ہتھ گاڑی پر بٹھا کر اسپتال لیجاتا ہے۔ ماں کافی عرصے سے بیمار ہے اور بیٹے کو یہ ہتھ گاڑی چلاتے ہوئے ایک سال مکمل ہوچکا ہے۔ گاﺅں میں کوئی سڑک نہیں جسکی وجہ سے وہاں بسیں بھی نہیں چلتیں۔ ہنومپا داسر کا کہنا ہے کہ اسکی ماں کے گھٹنوں میں شدید درد ہے اور وہ ہر ہفتے علاج کیلئے اپنی ماں کو قریبی گاﺅں کے بنیادی صحت مرکزتک لیجاتا ہے اس بیماری کی وجہ سے وہ چلنے پھرنے کے بھی قابل نہیں۔ ہمارے پاس اتنا پیسہ نہیں کہ ہم کوئی گاڑی کرائے پر حاصل کرسکیں یا ایمبولینس طلب کرسکیں اسلئے میں ہتھ گاڑی استعمال کرتا ہوں۔ اس میں کسی ایندھن کی ضرورت بھی پیش نہیں آتی۔ بس میں اسے چلا کر وہاں پہنچا دیتا ہوںاور پھر وہاں سے واپس لے آتا ہوں۔ اسکی ماں نے کہا کہ پہلے تو میرا بیٹا اپنے بازوﺅں پر اٹھا کر مجھے لیجاتا تھا بعد میں اسے خیال آیا کہ کوئی ہتھ گاڑی لے لینی چاہئے ۔ مجھے بھی ہتھ گاڑی میں بیٹھنے میں سکون محسوس ہوا۔ وہ مجھے شدید گرمی میں بھی اسپتال لیجاتا ہے جبکہ میں اپنی ساڑی کے پلو سے اپنا سر ڈھانپ لیتی ہوں۔ دیہاتی بھی داسر کی بیحد تعریفیں کرتے ہیں