ممبئی۔۔۔۔ہند کے لیجنڈ بیٹسمین سنیل گواسکر نے آئی پی ایل میں اپنی ٹیم رائل چیلنجرز بنگلور میں خراب کارکردگی پر ویراٹ کوہلی پر برہمی ظاہر کی ہے اور کہا کہ کوہلی کو چاہئے کہ وہ نوشتہ دیوار پڑھ لیں۔اگرچہ کوہلی ہندوستانی کرکٹ شائقین کی خاص پسند ہیں اور اپنے شاندار اسٹروک اور ریکارڈ کی وجہ سے کرکٹ کے چیمپیئن ہیں لیکن آئی پی ایل میں ان کی کارکردگی بہتر نہیں۔ان کی ٹیم رائل چیلنجرز بنگلور ابتک 5میچز ہار چکی ہے اور اس کے کپتان کوہلی ابتک اپنی ٹیم کو کامیابی دلانے کیلئے کچھ نہ کرسکے۔28سالہ کوہلی جمعہ کو ایک بار ناکام ہوئے اور ان کی ٹیم کنگز الیون پنجاب سے 9رنز سے ہار گئی جبکہ کوہلی صرف6رنز بناکر آؤٹ ہوئے تھے۔گواسکر نے ان کی کارکردگی پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کوہلی کو چاہئے کہ وہ اپنا چہرہ شیشے میں دیکھیں۔ انہوں نے کنگز الیون پنجاب کے خلاف جو شاٹ کھیلا اور وہ جس پر آؤٹ ہوئے وہ شاٹ کھیلنا نہیں چاہئے تھا۔کوہلی کو ذمہ داری سے کھیلنا چاہئے۔یہ سوچتے ہوئے کہ وہ ٹیم کے کپتان ہیں انہیں مزید ذمہ داری کا ثبوت دینا ہوگا۔وہ اس وقت فارم میں نہیں۔گواسکر نے ان کی ٹیم کے دیگر بلے بازوں پر بھی نکتہ چینی کی جو کم رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔گواسکر کا کہنا تھا کہ آپ کے مرکزی بلے بازکرکٹ کے مناسب شاٹس لگانے کے بجائے محض شاندار شاٹس لگانے کے لالچ میں پویلین واپس لوٹے۔گواسکر کا کہنا تھا کہ جب آپ چھکے کیلئے گیند ہوا میں اچھالتے ہیں تو پھر آؤٹ ہونے کا خطرہ بھی 100فیصد بڑھ جاتا ہے۔