Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کویت کے ہسپتال میں دو شہریوں کا جھگڑا، ’تلواروں اور چاقوؤں کا استعمال‘

کویت میں عوامی مقامات پر تیز دھار ہتھیار رکھنا یا لے جانا ممنوع ہے۔ (فائل فوٹو: العربیہ نیٹ)
کویت مغربی صوبے جہراء کے ایک ہسپتال میں دو شہریوں کے درمیان لڑائی ہوئی ہے جس میں ’تلواروں اور چاقوؤں‘ کا استعمال کیا گیا۔
’العربیہ نیٹ‘ نے مقامی میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ واقعے کے بعد کویتی سکیورٹی فورسز نے مداخلت کر کے انہیں روکا اور  متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا۔
کویتی اخبار ’الأنباء‘ کے مطابق کویت میں وزارت داخلہ کے آپریشن روم میں ایک رپورٹ پہنچی جس میں بتایا گیا کہ جہراء ہسپتال کے اندر جھگڑا ہوا جس کے دوران ’تیز دھار ہتھیاروں‘ کا استعمال کیا گیا۔
اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسز ہسپتال پہنچ گئیں جہاں یہ معلوم ہوا کہ دو شہریوں کے درمیان جھگڑا جس کے بعد نوبت ’چاقوؤں اور تلواروں‘ کے استعمال تک جا پہنچی۔
اخبار کے مطابق کویتی سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے دونوں شہریوں کو قابو کر کے ’تلواریں اور چاقو‘ قبضے میں لینے کے بعد انہیں مجاز حکام کے حوالے کر دیا۔
 کویت کی خبر رساں ایجنسی ’کونا‘ کے مطابق کویت میں ہتھیاروں اور گولہ بارود سے متعلق قانون نمبر 13/1991 کے آرٹیکل 28 کے تحت ’عوامی مقامات پر تیز دھار ہتھیار رکھنا، حاصل کرنا یا لے جانا ممنوع ہے۔‘
اسی قانون کے آرٹیکل 29 کے مطابق ’جو شخص اس کی خلاف ورزی کرے گا، اسے دو برس قید اور تین ہزار دینار تک جرمانہ یا ان دونوں میں سے ایک سزا دی جائے گی۔‘

شیئر: