Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کویتی شہری نے گھر میں فٹبال کا پہلا عجائب گھر قائم کر دیا

بچپن سے فٹبال عجائب گھر قائم کرنے کا خواب دیکھ رہا تھا- (فوٹو اخبار 24)
کویتی مورخ، صحافی اور کھلاڑی نے ایشیا میں فٹبال کا پہلا عجائب گھر قائم کرکے اپنا دیرینہ خواب پوراکیا ہے۔ بچپن سے فٹبال عجائب گھر قائم کرنے کا خواب دیکھ رہا تھا۔ 
کویتی خبررساں ایجنسی کونا کے مطابق حسین البلوشی نے بتایا کہ اسے بچپن سے فٹبال میچ دیکھنے کاشوق تھا۔ گزشتہ صدی کے ساتویں عشرے میں قومی ٹیم کا کوئی میچ ایسا نہ ہوتا تھا جسے دیکھنے کے لیے نہ پہنچتا ہو۔

عجائب گھر میں دس ہزار نوادر محفوظ ہیں- (فوٹو اخبار 24)

 کئی برس سے فٹبال کے کھلاڑیوں کے نوادر جمع کرنے کے لیے جدوجہد کررہا تھا۔ یہی اشیا عرب دنیا اور ایشیا میں پہلے مکمل فٹبال عجائب گھر کے قیام کی بنیاد بن گئی۔
البلوشی نے بتایا کہ اس کے عجائب گھر میں دس ہزار نوادر محفوظ ہیں۔
البلوشی کا کہنا ہے کہ عجائب گھر اپنے گھر میں بنایا ہے البتہ حال ہی میں کویتی قومی کونسل برائے ثقافت و آرٹ و ادب کے ساتھ  ایک معاہدہ ہوا ہے جس کے تحت نیشنل  کونسل اسے الرمیثہ کے علاقے میں عجائب گھر کے لیے عمارت فراہم کرے گی۔ آئندہ برس اگست میں نیا عجائب گھر شائقین کے لیے کھول دیا جائے گا۔

ایک حصہ کویتی فٹبال آرگنائزیشن کے لیے خاص ہوگا- (فوٹو اخبار 24)

البلوشی نے بتایا کہ یہ عجائب گھر فٹبال کی تاریخ ریکارڈ کرنے والا سب سے بڑا مرکز ہوگا۔ یہاں کویت کی قومی، عوامی اور عسکری فٹبال ٹیموں کی تاریخ اور اس کے نوادر سجائے جائیں گے کہ کب کس ٹیم نے کیا کارنامہ انجام دیا علاوہ ازیں خلیج کی قومی ٹیموں کے نوادر بھیاس عجائب گھر کا حصہ ہوں گے۔ گزشتہ صدی کے چھٹے عشرے سے لے کر اب تک کویتی فٹبال کی تاریخ اس عجائب گھر میں پیش ہوگی۔ 

عجائب گھر میں 28 سے زیادہ تاریخی فٹبال ہیں- (فوٹو اخبار 24)

البلوشی نےبتایا کہ عجائب گھر میں 28 سے زیادہ تاریخی فٹبال  ہیں۔ ان میں سے ہر فٹبال کی ایک کہانی ہے- یہاں کویتی، عرب اور ایشیائی فٹبال مقابلوں کے میڈل بھی سجائے جائیں گے جبکہ فٹبال سے متعلق اعدادوشمار بھی دیکھے جاسکیں گے۔ 
عجائب گھر کا ایک حصہ کویتی فٹبال آرگنائزیشن کے لیے خاص ہوگا۔ اس میں عرب، براعظم ایشیا اور بین الاقوامی فٹبال تنظیموں کا تعارف بھی پیش کیا جائے گا۔
عجائب گھر کا ایک حصہ ریفری کے حوالے سے ہوگا- ایک اور گوشہ ایشین اور اولمپک کھیلوں کے مقابلوں کے بارے میں ہوگا جبکہ کویتی اور خلیجی کھلاڑیوں اور نمایاں شخصیات کے سیکشن بھی رکھے جائیں گے۔
 
کویت کی خبروں کے لیے اردو نیوزکویت گروپ جوائن کریں

شیئر: