جدہ : ابحر کے ترقیاتی منصوبے پر کام تیزی سے جاری
جمعرات 29 دسمبر 2022 17:50
سی فرنٹ کا مجموعی رقبہ ایک لاکھ 80 ہزارمربع میٹرہے(فوٹو، ٹوئٹر)
جدہ میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ ساحلی علاقے ’ابحر‘ میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہے۔ اب تک 69 فیصد کام مکمل کیا جاچکا ہے۔
سبق نیوز نے جدہ بلدیہ کے حوالے سے کہا ہے کہ ساحلی علاقے کو مزید بہتر بنانے کے لیے ترقیاتی منصوبے کا آغاز کیا گیا تھا۔ منصوبے کا مجموعی رقبہ 1 لاکھ 80 ہزار مربع میٹر ہے جبکہ اس تخمینی لاگت 2 کروڑ 29 لاکھ ریال سے زائد ہے۔
جدہ کا ساحلی تفریحی مقام ’ابحر‘ کا تفریحی ترقیاتی منصوبہ مملکت کے ویژن 2030 کو مدنظر رکھتے ہوئے مرتب کیا گیا تھا۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد یہاں آنے والوں کو سمندری تفریح کے بہترین مواقع میسرآئیں گے۔
واضح رہے ’ابحر‘ کی تفریح گاہ میں وسیع وعریض رقبے پرسبزہ زار بنایا گیا ہے جبکہ ورزش کرنے والوں کے لیے خصوصی واکنگ ٹریک، عوامی واش رومز، ساحل پرپیراکی کے لیے مخصوص مقام کی سہولت فراہم کی گئی ہے جس کا رقبہ 300 میٹرہے علاوہ ازیں 138 میٹرطویل بحری پل بھی تعمیر کیا گیا ہے ۔ بچوں کےلیے خصوصی پلے لینڈز بنائے جارہے ہیں ۔