نرخنامے کی پابندی نہ کرنے پرریکروٹنگ ایجنسیز پرجرمانہ ہوگا
جمعرات 29 دسمبر 2022 21:47
متحدہ عرب امارات کی وزارت افرادی قوت واماراتائیزیشن نے کہا ہے کہ افرادی قوت کی درآمد کی مقررہ فیس کی پابندی ریکروٹنگ ایجنسیوں کے لیے لازمی ہے۔
پابندی نہ کرنے والی ایجنسیوں پر فی خلاف ورزی 5 ہزار درہم جرمانہ ہوگا۔
الامارات الیوم اخبار کے مطابق وزارت افرادی قوت کا کہنا ہے کہ قانون اور اس کے لائحہ عمل میں ریکروٹنگ ایجنسیوں کے حوالے سے خلاف ورزیوں اور محکمہ جاتی سزاؤں کی تفصیلات جاری کردی گئی ہیں۔
مقصد ریکروٹنگ ایجنسیوں سے قوانین و ضوابط کی پابندی کو یقینی بنانا ہے۔
امارات کےقانون میں بتایا گیا ہے کہ اگربیرون امارات سے کارکن درآمد کیا گیا ہو اور اسے متفقہ مدت کے دوران آجر کے حوالے نہ کیا گیا تو ایسی صورت میں ہر دن کی تاخیر کے حساب سے اس پر سو درہم جرمانہ ہوگا جرمانے کی انتہائی حد ایک ہزار درہم تک ہے۔
اماراتی حکام نے ایک قانون یہ بھی بنایا ہے کہ ریکروٹنگ ایجنسیاں افرادی قوت درآمد کرنے والوں کے ساتھ صاف شفاف معاملات کو یقینی بنانے کے لیے ریکروٹنگ کا نرخنامہ ایجنسی میں نمایاں جگہ پر چسپاں کریں۔ اس کی پابندی نہ کرنے پر دو ہزار درہم جرمانہ ہوگا۔