برازیل کے ’عظیم‘ فٹ بالر پیلے 82 سال کی عمر میں وفات پاگئے
جمعرات 29 دسمبر 2022 22:24
پیلے کو فٹ بال کا عظیم ترین کھلاڑی مانا جاتا ہے جنہوں نے برزیل کو تین ورلڈ کپ جیتوائے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
برازیل فٹ بال ٹیم کے سابق سٹار کھلاڑی پیلے 82 سال کی عمر میں ہسپتال میں وفات پاگئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے پیلے کے خاندانی ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ فٹ بال کے عظیم کھلاڑی جو کہ کینسر کے علاج کے لیے ہسپتال میں داخل تھے جمعرات کو چل بسے۔
پیلے کو گزشتہ مہینے کینسر، گردوں اور دل کے امراض کے علاج کے لیے ہسپتال میں داخل کر دیا گیا تھا۔
پیلے کو فٹ بال کا عظیم ترین کھلاڑی مانا جاتا ہے جنہوں نے برزیل کو تین ورلڈ کپ جیتوائے۔
پیلے کی بیٹی کیلی ناشیمینٹو نے انسٹاگرام پر لکھا کہ ’جو کچھ ہم ہیں اس کے لیے آپ کا شکریہ، ہم آپ سے ہمیشہ پیار کرتے رہیں گے، اللہ آپ کی روح پر رحم کریں۔‘
خیال رہے کرسمس کے موقع پر پیلے کی فیملی نے ان سے ہسپتال میں ملاقات کی تھی جس کے بعد ان کے بیٹنے نے انسٹاگرام پر والد کا ہاتھ تھامے ایک تصویر پوسٹ کی تھی جس میں انہوں نے لکھا تھا کہ ’والد صاحب میری طاقت آپ کی ہے۔‘
پیلے کی بیٹی کیلی ناشیمینٹو نے اپنے 82 سالہ والد کے ساتھ انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’ایک اور رات کے لیے اکھٹے ہیں۔‘
گزشتہ بدھ کو ہسپتال نے اعلان کیا کہ پیلے کا کینسر کا مرض بہتر ہو رہا ہے اور انہیں دل اور گردے کے امراض کے لیے مزید دیکھ بھال کی ضرورت ہے۔
پیلے کو بہت سے لوگ ایک عظیم فٹ بالر کی طور پر جانتے ہیں اور ہسپتال داخل ہونے کے بعد انہیں فرانسیسی فٹ بالر کیلان مباپے سمیت بہت سے لوگوں نے صحت یابی کے پیغامات بھیجے تھے۔ کیلان مباپے نے اپنے مداحوں سے ’کنگ کے لیے دعا کی اپیل‘ کی تھی۔