سابق برازیلین سٹار فٹ بالر پیلے ہسپتال داخل، ’کِنگ کے لیے دعا کی اپیل‘
اتوار 25 دسمبر 2022 14:35
پیلے کو 29 نومبر کو ساؤ پولو کے ہسپتال میں کیمو تھراپی کے لیے داخل کیا گیا (فوٹو: اے ایف پی)
برازیل فٹ بال ٹیم کے سابق سٹار کھلاڑی پیلے ان دنوں کینسر، گردوں اور دل کے امراض کے علاج کے لیے ہسپتال میں داخل ہیں جہاں کرسمس کے موقعے پر ان کی فیملی نے ان سے ملاقات کی ہے۔
فرانسیسی نیوز ایجسنی اے ایف پی کے مطابق پیلے کے بیٹے ایڈینہو کو حال ہی میں سیری بی فٹ بال کلب کے کوچ کے طور پر تعینات کیا گیا ہے۔ وہ بھی اپنی بہنوں کی طرح اپنے والد کی عیادت کے لیے ہسپتال پہنچے۔
انہوں نے انسٹاگرام پر اپنے والد کا ہاتھ تھامے ایک تصویر پوسٹ کی جس میں انہوں نے لکھا کہ ’والد صاحب میری طاقت آپ کی ہے۔‘
پیلے کی بیٹی کیلی ناشیمینٹو نے اپنے 82 سالہ والد کے ساتھ انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ایک اور رات کے لیے اکھٹے ہیں۔‘
سنیچر کو کیلی نے انسٹاگرام پر اپنی والدہ اور دیگر فیملی ممبرز کی تصویر شیئر کی جو البرٹ آئنسٹائن ہسپتال میں اکٹھے ہوئے تھے۔ اس ہسپتال میں پیلے زیرِعلاج ہیں۔
بدھ کو ہسپتال نے اعلان کیا کہ پیلے کا کینسر کا مرض بہتر ہو رہا ہے اور انہیں دل اور گردے کے امراض کے لیے مزید دیکھ بھال کی ضرورت ہے۔
پیلے کو بہت سے لوگ ایک عظیم فٹ بالر کی طور پر جانتے ہیں اور ہسپتال داخل ہونے کے بعد انہیں فرانسیسی فٹ بالر کیلان مباپے سمیت بہت سے لوگوں نے صحتیابی کے پیغامات بھیجے۔ کیلان مباپے نے اپنے مداحوں سے ’کنگ کے لیے دعا کی اپیل‘ کی۔
پیلے کو 29 نومبر کو ساؤ پولو کے ہسپتال میں کیمو تھراپی کے لیے داخل کیا گیا تھا۔ 2021 میں کولن کینسر کے آپریشن کے بعد سے ان کی کیمو تھراپی کی جا رہی ہے۔