Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسافروں کی کورونا سکریننگ، ٹیکنوکریٹ حکومت کی بازگشت، گوادر میں ’حق دو تحریک‘ کے خلاف کریک ڈاؤن سمیت پاکستان سے گزشتہ ہفتے کی اہم خبریں

لاہور میں صحافیوں سے ملاقات میں عمران خان نے کہا کہ ’ابھی مجھے انتخابات ہوتے نظر نہیں آ رہے۔‘ (فائل فوٹو: روئٹرز)
پاکستان میں سکیورٹی فورسز پر حملے، کور کمانڈر کانفرنس میں بلا تفریق شدت پسندوں کا قلع قمع کرنے کا فیصلہ اور بلوچستان میں ساحلی شہر گوادر میں ’حق دو تحریک‘ کے خلاف کریک ڈاؤن گزشتہ ہفتے کی نمایاں خبریں رہیں۔
ان کے علاوہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے ملک میں ٹیکنوکریٹ حکومت لانے کی کوششوں کا دعویٰ، اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے الیکشن کمیشن کو 31 دسمبر کو شہر میں بلدیاتی الیکشن کروانے کا حکم، ایم کیو ایم کے دھڑوں کو یکجا کرنے کی کوششیں اور پاکستان آنے والے مسافروں کی کورونا سکریننگ سخت کرنے کا فیصلہ بھی نمایاں خبریں رہیں۔

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز پر حملے، کیپٹن سمیت 6 جان سے گئے

پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں سال کے آخری دنوں میں سکیورٹی فورسز پر حملوں میں اچانک اضافہ دیکھا گیا ہے۔
صوبے کے آٹھ اضلاع میں اتوار کے روز نو بم دھماکے ہوئے جبکہ سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر فائرنگ کے چار واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔
حکام کے مطابق ’ان حملوں میں ایک فوجی افسر سمیت چھ سکیورٹی اہلکار جان سے گئے جبکہ 23 افراد زخمی ہوئے۔‘

صوبے کے آٹھ اضلاع میں اتوار کے روز نو بم دھماکے ہوئے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

تفصیل کے لیے کلک کریں

دہشت گردی کی لعنت کا بلاتفریق قلع قمع کریں گے: کور کمانڈر کانفرنس

پاکستان فوج نے کہا ہے کہ بلا تفریق شدت پسندوں کا قلع قمع کریں گے۔
بدھ کو جنرل ہیڈ کوارٹر میں فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کی سربراہی میں کور کمانڈروں کا اجلاس ہوا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر کے اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ’عوام کی امنگوں کے مطابق بلا تفریق شدت پسندوں کے خلاف لڑنے اور دہشت گردی کی لعنت کو ختم کیا جائے گا۔‘

جنرل ہیڈ کوارٹر میں فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کی سربراہی میں کور کمانڈروں کا اجلاس ہوا۔ (فوٹو: سکرین گریب)

تفصیل کے لیے کلک کریں

گوادر میں حالات معمول پر آنے لگے پر ’خوف اور کشیدگی کی فضا برقرار‘

بلوچستان کے ضلع گوادر میں ’حق دو تحریک‘ کے احتجاج کے خلاف پولیس کی کارروائی کے پانچویں روز صورتحال معمول پر آنا شروع ہو گئی ہے۔
شہر میں بجلی کی فراہمی بحال ہو گئی ہے اور دکانیں اور مارکیٹیں بھی جزوی طور پر کُھل گئیں ہیں، تاہم انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بدستور معطل ہے۔
پولیس کی جانب سے ’حق دو تحریک‘ کے رہنماؤں کو گرفتار کرنے کے لیے چھاپوں کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔

گوادر میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بدستور معطل ہے۔ (فائل فوٹو: عرب نیوز)

تفصیل کے لیے کلک کریں

ٹیکنوکریٹ حکومت لانے کا شوشہ چھوڑا جا رہا ہے: عمران خان

سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے عمران خان نے کہا ہے کہ ’ٹیکنوکریٹ حکومت لانے کا شوشہ چھوڑا جا رہا ہے۔
بدھ کو لاہور میں صحافیوں سے ملاقات میں عمران خان نے ملک میں نئے انتخابات کے حوالے سے کہا کہ ’حکومت سے زیادہ پیچھے بیٹھے لوگوں کا الیکشن کے لیے راضی ہونا ضروری ہے۔ ابھی مجھے انتخابات ہوتے نظر نہیں آ رہے۔‘

عمران خان نے کہا کہ ’حکومت سے زیادہ پیچھے بیٹھے لوگوں کا الیکشن کے لیے راضی ہونا ضروری ہے۔‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

تفصیل کے لیے کلک کریں

ہائی کورٹ کا اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن کل کرانے کا حکم، ’فیصلہ چیلنج کریں گے‘

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی الیکشن کرانے کے لیے دائر درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن کو 31 دسمبر کو پولنگ کرانے کی ہدایت کی ہے۔
جمعے کی شام ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے مختصر فیصلہ سنایا۔
تاہم ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد بیرسٹر جہانگیر جدون نے کہا ہے کہ ’اتنے مختصر وقت میں اس آرڈرپر عمل درآمد نہیں ہو سکتا۔‘

اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو 31 دسمبر کو پولنگ کرانے کی ہدایت کی ہے۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)

تفصیل کے لیے کلک کریں

سندھ میں سیاسی جوڑ توڑ، ایم کیو ایم کے دھڑوں کو یکجا کرنے کی کوششیں

پاکستان کے جنوبی صوبہ سندھ میں سال کے اختتام پر سیاسی جوڑ توڑ کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ ماضی میں شہری سندھ سے واضح برتری رکھنے والی جماعت متحدہ قومی موومنٹ کے بکھرے دھڑے ایک جگہ جمع ہونے کے لیے ان دنوں سرگرم ہیں۔
گورنر سندھ سے گزشتہ ہفتے ہونے والی اہم رہنماؤں کی ملاقاتوں کے بعد یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جلد ہی ایم کیو ایم کے دھڑے ایک پلیٹ فارم پر نظر آئیں گے۔

متحدہ قومی موومنٹ کے بکھرے دھڑے ایک جگہ جمع ہونے کے لیے ان دنوں سرگرم ہیں۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)

تفصیل کے لیے کلک کریں

پاکستان آنے والے مسافروں کی کورونا سکریننگ سخت کرنے کا فیصلہ

پاکستان نے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی کورونا سکریننگ دوبارہ سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بارڈر ہیلتھ سروسز نے کورونا کی نئی قسم کے پھیلاو کے پیش نظر سول ایوی ایشن حکام کو مراسلہ جاری کر دیا ہے۔
تفصیل کے لیے کلک کریں

شیئر: