پاکستان کے صوبہ پنجاب کی حکومت نے تشہیری مہم چلانے کے لیے تقریبا پونے نو ارب روپے کی منظوری دی ہے۔
اردونیوز کو موصول دستاویزات کے مطابق یہ منظوری کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس نے دی ہے۔
تشہیری مہم کی اس خطیر رقم کی منظوری کے لئے اس بات کو جواز بنایا گیا ہے کہ دوسرے صوبوں کا تشہیری مہم کا بجٹ پنجاب سے زیادہ ہے۔
مزید پڑھیں
-
پی ٹی آئی کل سے ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کرے گی: فواد چوہدریNode ID: 729916
-
کیا مسلم لیگ ن پر پنجاب میں پھر گھیرا تنگ ہو رہا ہے؟Node ID: 729941
منظوری کی اس سمری میں صوبہ سندھ کے ساتھ بجٹ کا موازنہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ’پنجاب کے ترقیاتی منصوبے خاص طور پر ریسکیو 1122، صحت، تعلیم، خوراک اور زراعت وغیرہ کے محکمے کسی بھی صوبے سے بڑے ہیں اور زیادہ کام کر رہے ہیں۔‘
کمیٹی کے میٹنگ آف منٹس میں کہا گیا ہے کہ ’پنجاب کے محکموں کے ترقیاتی کاموں کی تشہیر کا جو بجٹ رکھا گیا ہے وہ دوسرے صوبوں سے کم ہے۔ اس لیے ڈئریکٹوریٹ جنرل آف پبلک ریلیشنز کی سفارش کو مانتے ہوئے تشہیری مہم کا بجٹ 8.7 ارب روپے کیا جاتا ہے۔‘
اس خصوصی سپلیمنٹری بجٹ گرانٹ کی منظوری اس سال یعنی 2022-23 کے بجٹ میں رکھی گئی ہے۔
پنجاب میں اس وقت تحریک انصاف کی حکومت ہے۔ ترجمان پنجاب حکومت سے جب اس حوالے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اس موضوع پر کسی بھی قسم کا موقف دینے سے گریز کیا۔
