سال 2022 میں کون سے ڈرامے لوگوں کا دل جیتنے میں کامیاب رہے؟
ہفتہ 31 دسمبر 2022 8:18
عنبرین تبسم
ڈرامہ سیریل ’سنگ ماہ‘ نے خاصی پذیرائی حاصل کی (تصویر بشکریہ: ہم)
پرائیوٹ چینلز کی بہتات کی وجہ سے ہر سال بے شمار ڈرامہ سیریلز نشر ہوتے ہیں لیکن چند ہی لوگوں کے دلوں میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوتے ہیں۔
اس سال بھی بہت سے ڈرامے شروع ہوئے اور بہت سے اختتام کو پہنچے لیکن کچھ نے مقبولیت کے ریکارڈ توڑے تو کچھ پذیرائی حاصل کرنے میں ناکام رہے۔
سال 2022 میں جو ڈرامے آن ایئر ہوئے ان میں بادشاہ بیگم، میرے ہم سفر نیہر، وحشی، وبال، میری شہزادی، صنف آہن، کیسی تیری خود غرضی،پرستان وہ پاگل سی، تقدیر، دل زار زار، فراڈ، اک ستم اور، سنگ ماہ قابل ذکر ہیں۔
ڈراموں کی اس بھیڑ میں جن پانچ ڈراموں نے بہت زیادہ مقبولیت حاصل کی ان میں ڈرامہ سیریل سنگ ماہ پہلے نمبر پر رہا۔
مومنہ درید کی پروڈکشن میں تیار کردہ اس ڈرامے کو مصطفیٰ آفریدی نے لکھا جبکہ ڈائریکشن سیفی حسن کی تھی۔ کاسٹ میں ہانیہ عامر، کبریٰ خان، ثانیہ سعید، عمیررانا اور نعمان اعجاز شامل ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ اس ڈرامے سے عاطف اسلم چھوٹی سکرین پر اداکاری کرتے ہوئے بھی دکھائی دیے۔ یہ ڈرامہ نہ صرف اپنے موضوع کے حوالے سے منفرد تھا بلکہ اس میں نعمان اعجاز اور عاطف اسلم کی اداکاری نے شائقین کو اپنا گرویدہ بنایا۔
دوسرے نمبر پر بہترین ڈرامہ ’صنف آہن‘ رہا جس کی کاسٹ میں کاسٹ میں سجل علی، کبریٰ خان، یمنیٰ زیدی، رمشا خان، سائرہ یوسف، شہریارمنور، دنانیرمبین، عثمان مختار، عاصم اظہر اور میرب علی شامل ہیں۔
یہ آئی ایس پی آر اور سکس سگما کی پروڈکشن میں تیار ہوا۔ ڈائریکٹر ندیم بیگ نے بہترین انداز میں ڈائریکشن کرکے شائقین کا دل جیت لیا اور عمیرہ احمد نے کمال انداز میں کہانی لکھی۔اس ڈرامے میں ٹک ٹاکر دنانیر منیب نے بھی اداکاری کی۔
بڑی کاسٹ کے اس ڈرامے میں فوجی خواتین کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور یہ دکھایا کہ ہماری خواتین بھی کسی سے کم نہیں ہیں۔ وہ بھی اپنے ملک کی حفاظت کرنے کے لیے مردوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔
تیسرے نمبر پر رمضان سپیشل کا ڈرامہ ’پرستان‘ رہا جس کی کاسٹ میں میرا سیٹھی، میرب علی، ارسلان نصیر، علی سفینہ، جنید جمشید خان اور ایمن سلیم شامل ہیں۔ ڈرامے کو ڈائریکٹر علی حسن اور رائٹر ثمرہ بخاری ہیں۔
’دل آویز‘ ڈرامہ بھی ناظرین میں کافی مقبول ہوا۔ کاسٹ میں کنزیٰ ہاشمی، عفان وحید، سیمی راحیل، فضیلہ قاضی اور عائشہ گل و دیگر کے نام شامل ہیں۔
کامیڈی ڈرامہ ’چوہدری اینڈ سنز‘ کو بھی خاصا پسند کیا گیا جس کی کاسٹ میں عمران اشرف،عائزہ خان، سہیل احمد،نورالحسن اوراسما عباس و دیگر شامل تھے۔ سہیل احمد ہمیشہ کی طرح ناناظرین کو محظوظ کرتے نظر آئے جبکہ عائزہ خان اور عمران اشرف بھی اپنے مداحوں کی امیدوں پر پورا اُترے۔