Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

2022 میں ہالی وُڈ کی کون سی فلموں نے باکس آفس پر راج کیا؟

سنہ 2022 میں ہالی وُڈ کی کئی بلاک بسٹر فلمیں ریلیز ہوئی ہیں جنہوں نے نہ صرف فلم بینوں کے دل جیتے بلکہ باکس آفس پر بھی کاروباری لحاظ سے خوب کامیابیاں سمیٹیں۔
آئیے جانتے ہیں کہ 2022 میں ہالی وُڈ کی کون سی بڑی فلمیں ریلیز ہوئیں۔

’ٹاپ گن: میورِک‘

’ٹاپ گن: میورِک‘ رواں برس 27 مئی کو ریلیز ہونے والی سپرسٹار ٹام کروز کی بلاک بسٹر فلم ہے۔
یہ 1986 میں ٹام کروز کی فلم ’ٹاپ گن‘ کا سیکوئل ہے جس کی کہانی پِیٹ میورک مچل (ٹام کروز) نامی نیوی ایوی ایشن پائلٹ کے گرد گھومتی جو 30 سال بعد اپنے پائلٹ سکول میں واپس جاتا ہے اور پھر اپنے ملک کے لیے ایک خاص مشن پورا کرتا ہے۔
فلم نے باکس آفس پر کامیابیوں کے جھنڈے گاڑتے ہوئے دنیا بھر میں ڈیڑھ ارب ڈالر کے قریب کمائے تھے۔

’جراسک ورلڈ ڈومینین‘

’جراسک ورلڈ ڈومینین‘ جراسک پارک سیریز کی ہی ایک نئی کڑی ہے۔
ایکشن اور سائنس فکشن پر مبنی اس فلم کی کہانی ایک ایسے وقت کے گرد گھومتی ہے جس میں ڈائنوسارز انسانوں کے ساتھ رہنا شروع کردیتے ہیں۔
10 جون کو ریلیز ہونے والی اس فلم نے دنیا بھر سے ایک ارب کے قریب ڈالر کمائے تھے۔

’ڈاکٹر سٹرینج ان دی ملٹی ورس آف میڈنس‘

’ڈاکٹر سٹرینج ان دی ملٹی ورس آف میڈنس‘ مارول سٹوڈیو کی فلم ہے جو چھ مئی کو دنیا بھر میں نمائش کے لیے پیش کی گئی۔
فلم کی کہانی ڈاکٹر سٹرینج کے گرد گھومتی ہے جو ایک نوجوان لڑکی کے ساتھ مل کر ایک اور دنیا میں دشمنوں سے لڑتا ہے۔
فلم نے دنیا بھر میں تقریباً 95 کروڑ ڈالرز کمائے جس کے بعد یہ فلم سال کی کامیاب فلموں میں شامل ہو گئی۔

’دی بیٹ مین‘

’دی بیٹ مین‘ ڈی سی فلم کی بیٹ مین سیریز کی فلم ہے جس میں رابرٹ پیٹنسن نے بیٹ مین کا کردار ادا کیا ہے۔
فلم کی کہانی اس وقت سے شروع ہوتی ہے جب گوتھم سٹی کے میئر کی موت کے بعد بیٹ مین وہاں آتا ہے اور پھر تفتیش کے بعد اسے مزید بدعنوانیوں کا پتا چلتا ہے۔
چار مارچ کو ریلیز ہونے والی اس فلم نے باکس آفس پر 77 کروڑ ڈالرز کمائے تھے۔

’اواٹار دی وے آف واٹر‘

’اواٹار دی وے آف واٹر‘ ہالی وُڈ کے شہرہ آفاق ہدایت کار جیمز کیمرون کی نئی فلم ہے، جو 15 دسمبر کو ریلیز ہوئی ہے۔
یہ سنہ 2009 میں آنے والی جیمز کیمرون ہی کی فلم ’اواٹار‘ کا سیکوئل ہے۔
آئی ایم ڈی بی کے مطابق فلم نے ریلیز کے پہلے ہفتے ہی دنیا بھر میں 49 کروڑ ڈالر کے قریب کا بزنس کیا ہے۔ آئی ایم ڈی بی نے اس فلم کو 8.1 ریٹنگ دی ہے۔
’اواٹار دی وے آف واٹر‘ میں سیم ورتھنگٹن، زو سالڈانا، سِگُورنی ویور، کیٹ ونسلیٹ، سٹیفن لینگ اور وِن ڈیزل نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔

’تھور: لوو اینڈ تھںڈر‘

’تھور لوو اینڈ تھنڈر‘ مارول سٹوڈیو کی فلم ہے جو چھ جولائی کو دنیا بھر میں ریلیز ہوئی تھی۔
فلم میں تھور، ویلکیری، کورگ اور اپنی گرل فرینڈ جین فوسٹر کے ساتھ مل کر گور دی گاڈ بُچر کے خلاف لڑتا ہے۔
’تھور: لوو اینڈ تھنڈر‘ نے باکس آفس پر دنیا بھر سے 76 کروڑ ڈالر کمائے ہیں۔

’بلیک پینتھر: واکانڈا فورایور‘

’بلیک پینتھر: واکانڈا فورایور‘ سنہ 2018 میں مارول کی سپر ہیرو فلم ’بلیک پینتھر کا سیکوئل ہے جو رواں برس 11 نومبر کو ریلیز ہوئی تھی۔
آئی ایم ڈی بی کے مطابق فلم میں واکانڈا کے لوگ اپنے بادشاہ ٹی چھلا کی موت کے سوگ کے دوران بیرونی عالمی طاقتوں کے خلاف لڑتے ہیں اور اپنے وطن کی حفاظت کرتے ہیں۔
ریان کُوگلر کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم نے ابھی تک دنیا بھر میں 78 کروڑ ڈالر کمائے ہیں۔

شیئر: