Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سگریٹ اور لائٹر تھامے روکی بھائی‘، رنبیر کپور کی فلم کا پوسٹر جاری

رنبیر کپور آخری مرتبہ فلم براہمسترا میں نظر آئے تھے۔ فوٹو: اے ایف پی
بالی وڈ اداکار رنبیر کپور کی فلم اینیمل کی پہلی جھلک کا انتظار بالآخر ختم ہو گیا ہے اور نئے سال کا آغاز ہوتے ہی فلم کا پوسٹر بھی ریلیز کر دیا گیا ہے۔
فلم کے ہدایت کار سندیپ ریدی وانگا نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے فلم کا پوسٹر شیئر کیا۔
پوسٹر کے ساتھ ہی رنبیر کپور کی سگریٹ سلگاتے ہوئے پہلی جھلک بھی سامنے آ گئی ہے جس میں ان کا سائیڈ پوز ہے۔
رنبیر کپور اپنی اس نئی لُک میں کافی خطرناک دکھائی دے رہے ہیں۔ ان کی سفید شرٹ خون میں لت پت ہے جبکہ بغل میں کلہاڑی دبائی ہوئی ہے اور ان کے بازو پر بھی گہرے زخم واضح ہیں۔ 
فلم کی ہیروئن رشمیکا مندانہ نے بھی ٹوئٹر پر فلم کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق رشمیکا مندانہ نے گزشتہ سال فلم فیئر کے موقع پر رنبیر کپور کے متعلق کہا تھا کہ ان کے اور سندیپ کے ساتھ کام کرنا انتہائی آسان رہا۔
’پوری فلم انڈسٹری میں رنبیر کپور واحد شخص ہیں جو مجھے میم کہہ کر پکارتے ہیں اور مجھے یہ پسند نہیں۔‘
فلم اینیمل 11 اگست کو ریلیز ہوگی جس میں انیل کپور اور بوبی دیول بھی کردار ادا کر رہے ہیں۔
اس فلم کی تمام شوٹنگ انڈین ریاست ہماچل پردیش میں کی گئی ہے جبکہ کچھ سین اداکار سیف علی خان کے دہلی میں واقع  پٹودی محل کے قریب بھی فلمائے گئے ہیں۔
ٹوئٹر صارف نے رنبیر کپور پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ’ہاتھ میں سگریٹ اور لائٹر تھامے روکی بھائی کی وائبز آ رہی ہیں۔‘ 
حارش نامی ایک اور صارف نے لکھا کہ اینیمل میں سپر سٹار رنبیر کپور اینیمل کے طور پر، اسی کی ہمیں ضرورت تھی، امیدیں پوری ہو گئیں۔
ہدایت کار سندیپ ریدی وانگا نے اپنے ایک انٹرویو میں فلم سے متعلق کہا تھا کہ میں دکھاؤں گا کہ پرتشدد فلم کیا ہوتی ہے۔
اس سے پہلے اداکارہ پرینیتی چوپڑہ کے حوالے سے خبر سامنے آئی تھی کہ وہ ہیروئن کا کردار ادا کریں گی تاہم بعد میں انہوں نے فلم میں کام کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
رنبیر کپور آخری مرتبہ فلم براہمسترا میں اپنی اہلیہ اور ساتھی اداکارہ عالیہ بھٹ کے ساتھ نظر آئے تھے جس میں بالی وڈ کے لیجینڈری اداکار امیتابھ بچن نے بھی کردار ادا کیا تھا۔

شیئر: