’برو‘ پر کنفیوژن کا اعتراف کرنے والے انڈین وزیر دفاع مشکل میں
منگل 3 جنوری 2023 21:59
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
راج ناتھ سنگھ کا بیان شیئر ہوا تو صارفین نے اس پر دلچسپ تبصرے کیے (فوٹو: ویڈیو گریب)
انڈیا کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ارونا چل پردیش میں ترقیاتی کاموں کے افتتاح کی تقریب میں فوج کے ذیلی ادارے کے نام سے متعلق اپنی کنفیوژن کا ذکر کیا تو سوشل میڈیا نے اسے طنز ومذاق کا موقع بنا ڈالا۔
منگل کو ارونا چل پردیش میں تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے بتای اکہ وہ ’بارڈ روڈز آرگنائزیشن، برو کو انگریزی میں برادر کی شارٹ فارم سمجھتے رہے۔‘
اپنی گفتگو میں انہوں نے وضاحت کی کہ ’ان کا کام دیکھنے کے بعد اندازہ ہوا کہ وہ واقعی ہماری مسلح افواج اور لوگوں کے بھائی ہی ہیں۔‘
انڈین وزیر دفاع کی یہ گفتگو مقامی میڈیا نے رپورٹ کی تو سوشل میڈیا صارفین نے اس پر جوابی تبصروں میں کہیں سوالات اور کہیں طنز کا کچھ ایسا تانتا باندھا کہ وزیر دفاع سامنے ہوتے تو مشکل میں پڑے بغیر نہ رہ سکتے۔
وویک شکلا نے اس بیان پر حیرت کے اظہار کے لیے میم کا انتخاب کیا جس پر ’برو‘ کیپشن کی صورت لکھا نمایاں تھا۔
وشال ورما نے لکھا کہ ’شکر ہے آپ نے لیک اینڈ واٹر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو نہیں دیکھا۔‘
طنزیہ انداز میں کیے گئے سوال میں سنجیو نے پوچھا کہ ’یہ وزیر دفاع بننے سے پہلے ہوا یا اس کے بعد۔‘
انڈین وزیر دفاع کا بیان کچھ افراد کو حقیقت کے بجائے اداکاری لگا، اسی تناظر میں کیے گئے تبصرہ میں مکیش نے میم شیئر کی تو کیپشن سجایا کہ ’50 روپے کاٹ اوور ری ایکٹنگ کے۔‘
تقریب سے خطاب کے دوران انڈین وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ان کا ملک ہمیشہ جنگ کے خلاف رہا ہے۔
’انڈیا نے کبھی کسی ملک کے خلاف جنگ شروع نہیں کہ نہ ہی کسی کی زمین کے ایک انچ پر قبضہ لیکن اس معاملے کو فار گرانٹڈ نہیں لیا جانا چاہیے۔‘