رنگین مکئی کا ذائقہ عام مکئی کے مقابلے میں زیادہ اچھا ہوتا ہے (فوٹو: العربیہ نیٹ)
سعودی عرب کے جازان ریجن کی الشقیق تحصیل کے سعودی رہائشی نے مختلف رنگوں کے بھٹے (مکئی) کاشت کی ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق مقامی شہری عبدالکریم ھیجان کا زرعی فارم مختلف رنگوں کے بھٹوں (مکئی) سے سجا ہوا ہے۔ یہ سعودی عرب کے جنوب مغربی صوبے کی سطح پر اپنی نوعیت کا پہلا تجربہ ہے۔
عبدالکریم نے بتایا کہ ’انہیں کاشتکاری کا شوق ہے۔ ایک علاقے سے دوسرے علاقے آنا جانا بھی پسندیدہ مشغلہ ہے۔ میں گزشتہ برسوں کے دوران جازان سے الاحسا کا سفر کرتا رہا ہوں۔ اس دوران رنگین مکئی کی کاشت کا ہنر سیکھا۔‘
’الاحسا کے کاشتکاروں نے مکئی کی کاشت کے مختلف تجربات کیے تھے میں نے ان سے نمونہ لیا اور گزشتہ سال جازان کی الشقیق تحصیل میں ان کی فضل اگائی۔ اس سال اس کا نتیجہ حیران کن طریقے سے سامنے آیا۔‘
عبدالکریم کا کہنا ہے کہ وہ رنگین مکئی کی کاشت کے تجربے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ کوشش ہے کہ زیادہ بڑے رقبے میں رنگین مکئی کی کاشت ہو۔ اس سے مالی منافع بھی ہوگا جازان ریجن کی زمیںیں زرخیز مانی جاتی ہیں۔
عبدالکریم نے مزید بتایا کہ مکئی کی کاشت کا موسم بہار کا ہے۔ اس کی شروعات نومبر سے ہوتی ہے اور فروری کے آخر تک سلسلہ جاری رہتا ہے۔ چار ماہ کے دوران مکئی کی فصل تیار ہو جاتی ہے۔
سعودی کاشتکار کا کہنا ہے کہ رنگین مکئی عام مکئی سے زیادہ مختلف نہیں ہوتی البتہ اس کا ذائقہ عام مکئی کے مقابلے میں زیادہ اچھا ہوتا ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں