الخبر: 70 سالہ خاتون کے دماغ کا کامیاب آپریشن، ٹیومر نکال دیا گیا
جمعرات 5 جنوری 2023 11:40
سی ٹی سکین کے بعد انکشاف ہوا کہ مریضہ کے دماغ کے دائیں جانب ایک بڑے حجم کا ٹیومر ہے (فوٹو: سلیمان حبیب ہسپتال)
سعودی عرب کے شہر الخبر کے ایک ہسپتال میں ڈاکٹروں نے 70 سالہ خاتون کی دماغ کے دو کامیاب آپریشن کر کے ان کے دماغ سے ٹیومر نکال دیا ہے۔
جریدے ’سبق‘ کے مطابق یہ سرجری ڈاکٹر سلیمان الحبیب ہسپتال کے دماغ، اعصاب اور ریڑھ کی ہڈی کے شعبے کے ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیم نے کی۔
مذکورہ خاتون گزشتہ چھ ماہ سے شدید جسمانی کمزوری کے علاوہ چلنے پھرنے سے بھی قاصر تھیں۔
دماغی ٹیومر کی وجہ سے انہیں بولنے میں دشواری کا سامنا تھا اور ان کی سماعت بھی شدید متاثر تھی۔
خاتون کی سرجری کرنے والی ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر وسام العیساوی نے بتایا کہ ابتدائی معائنے کے بعد پتا چلا کہ خاتون پہلے ہی سے دل کے عوارض کا شکار ہیں۔ اس لیے پہلے انہیں دل کی دھڑکن کو معمول پر رکھنے والا آلہ لگایا گیا۔
بعدازاں سی ٹی سکین کے بعد انکشاف ہوا کہ مریضہ کے دماغ کے دائیں جانب ایک بڑے حجم کا ٹیومر ہے جو صحت کے مسائل کا سبب بن رہا ہے۔
ڈاکٹر العیساوی نے مزید بتایا کہ مریضہ کی میڈیکل ہسٹری اور ٹیسٹوں کے نتائج دیکھنے کے بعد میڈیکل ٹیم نے ان کا دو مرحلوں میں آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا۔
پہلے مرحلے میں محدود سرجری کی گئی جس میں ان کے سر میں ایک چھوٹا سوراخ بنایا گیا تاکہ رطوبتیں خارج ہو سکیں۔
اس کے بعد مریضہ کو آرام کے لیے وارڈ میں منتقل کیا گیا جہاں ان کی سماعت بہتر ہوئی اور انہوں نے کھانا پینا بھی شروع کر دیا۔
پہلی سرجری کے دو ہفتے بعد دوسری سرجری کی گئی جو تین گھنٹے تک جاری رہی۔ اس دوران مریضہ کے دماغ سے پینٹیرو سرجری کے ذریعے ٹیومر کو مکمل طور پر نکال دیا گیا۔
یوں یہ آپریشن کامیابی سے تکمیل کو پہنچا اور اس کے بعد مریضہ کو آرام کے لیے دوسرے وارڈ میں منتقل کر دیا گیا۔ وہاں بھی ان کی طبی نگرانی جاری رکھی گئی۔
ڈاکٹر وسام العیساوی نے بتایا کہ ’سرجری کے بعد پہلے دن سے ہی مریضہ کی صحت بحال ہونا شروع ہو گئی تھی۔ آپریشن کے 48 گھنٹے کے اندر اندر وہ کھڑے ہونے اور حرکت کرنے کے قابل ہو گئی تھیں۔‘
’مریضہ 10 دن تک ہسپتال میں رہیں اور پھر انہیں گھر بھیجا گیا۔‘
دوہفتے بعد پتا چلا کہ اب وہ مریضہ مکمل طور پر صحت یاب ہو چکی ہیں اور انہوں نے اپنی زندگی کے معمولات شروع کر دیے ہیں۔