پانچ لاکھ نوادارت پر مشتمل مشرق وسطٰی کا سب سے بڑا میوزیم
پانچ لاکھ نوادارت پر مشتمل مشرق وسطٰی کا سب سے بڑا میوزیم
جمعہ 6 جنوری 2023 5:12
مشرقی ریجن کے شہر دمام میں ’الفلوۃ اور الجوھرۃ عجائب گھر‘ نے مشرق وسطٰی کے سب سے بڑے میوزیم کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ میوزیم 10 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر قائم ہے۔ اس میں پانچ لاکھ نوادر رکھے گئے ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق عجائب گھر کے ڈائریکٹر عادل الرضیمان نے بتایا کہ عبدالوھاب الغنیم اس عجائب گھر کے بانی ہیں۔ انہوں نے اس کا نام اپنی بیٹیوں الفلوۃ اور الجوھرۃ سے منسوب کیا ہے۔ یہ عجائب گھر دو منزلہ ہے اور 24 ہالز پر مشتمل ہے۔
الرضیمان نے بتایا کہ اس عجائب گھر میں 250 کلاسک گاڑیاں ہیں جس میں 1959 کی شاہ سعود بن عبد العزیز کی کیڈلک بھی شامل ہے۔ یہاں 1799 ماڈل کی دنیا کی پہلی کار بھی رکھی گئی ہے۔
الرضیمان کا کہنا ہے کہ عجائب گھر میں شاہ سعود کا جدہ دفتر اور ڈائننگ ہال بھی سجایا گیا ہے۔ علاوہ ازیں شاہ عبدالعزیز کے دسترخوان کی بھی نمائش کی گئی۔
عجائب گھر میں حجر اسود کا 1960 والا فریم بھی رکھا گیا ہے۔ یہاں 2005 کے دوران شاہ فہد کے عہد میں تیار کیے جانے والے باب کعبہ کے پردے کا ٹکڑا بھی ہے۔ یہاں خلیج میں دلہن کے لیے سجایا گیا کمرہ بھی نمائش کے لیے رکھا گیا ہے جبکہ سلطنت عثمانیہ کے زمانے میں الاحسا میں اونٹوں پر رکھا جانے والا ‘ھودج‘ بھی ہے۔