Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلامی ورثے کے تحفظ میں مدینہ منورہ میوزیم کے کردار کی تعریف

ماجد القصبی نے مدینہ میں بین الاقوامی نمائش اور میوزیم کا دورہ کیا ہے( فوٹو عرب نیوز)
سعودی وزیر تجارت اور اطلاعات کے قائم مقام وزیر ماجد القصبی نے مدینہ میں سیرت نبوی اور اسلامی تہذیب کی بین الاقوامی نمائش اور میوزیم کا دورہ کیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ماجد القصبی کو میوزیم کے بارے میں بریفنگ دی گئی جس میں ٹیکنیکل ماڈلز، اٹلس اور انسائیکلوپیڈیا شامل ہیں۔
سعودی وزیر نے اسلامی ورثے کے تحفظ میں میوزیم کے کردار کی تعریف کی۔
ماجد القصبی نے کہا کہ اس سے مملکت کی قرآن پاک اور سنت نبوی کی خدمت کے جذبے کی تصدیق ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ سعودی وژن 2030 کے مقاصد کو پورا کرتا ہے جس میں دو مقدس مساجد کے وزیٹرز کے لیے ایمانی جذبے کو تقویت ملتی ہے۔
اس میوزیم کا آغاز گزشتہ سال مسلم ورلڈ لیگ کی نگرانی میں کیا گیا تھا۔ مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کے ساتھ واقع یہ میوزیم 24 گھنٹے کھلا رہتا ہے اور اسلامی دنیا کی تاریخ کے ساتھ ساتھ پیغمبر اسلام کی زندگی کے لیے وقف ہے۔
مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے کہا کہ یہ میوزیم دنیا کو پیغمبر اسلام کی زندگی اور اسلامی تہذیب سے متعارف کراتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ آئین مدینہ اور مکہ کی دستاویز میں تہذیبی اقدار کو اجاگر کرتا ہے۔
مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے حال ہی میں مراکش میں ایک سفری نمائش کا آغاز کیا جس میں پیغمبر اسلام کی زندگی اور اسلام کی تاریخ کو دکھایا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کیا کہ نمائش کا پہلا ایڈیشن 25 جولائی کو مراکش کے دارالحکومت رباط میں اسلامک ورلڈ ایجوکیشنل، سائنٹیفک اور کلچرل آرگنائزیشن کے صدر دفتر میں شمالی افریقی ملک کے بادشاہ محمد ششم کے تعاون سے مہمانوں کے لیے کھولا جائے گا۔
سیاحتی نمائش مسلمانوں کے ساتھ ساتھ غیر مسلم زائرین کے لیے پیغمبراسلام کی سیرت اور اسلامی تہذیب کو دستاویزی شکل دینے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی اور ڈسپلے تکنیک کو استعمال کرے گی۔
رباط میں نمائش عربی، انگریزی اور فرانسیسی میں پیش کی جائے گی۔ اس میں 10 سیکشنز ہوں گے جن میں ہولوگرافک امیجنگ، ورچوئل اور اگمینٹڈ رئیلٹی، انٹرایکٹو تھری ڈی ڈسپلے، سٹیریوسکوپک اور تعلیمی پینوراماس جیسی ٹیکنالوجیز استعمال کی جائیں گی۔

شیئر: