مکہ میں سرنگوں اور انڈر پاسز کی اصلاح و مرمت کا کام جاری
مکہ میں سرنگوں اور انڈر پاسز کی اصلاح و مرمت کا کام جاری
پیر 9 جنوری 2023 21:08
سرنگوں سے زائرین اور شہریوں کو آمد ورفت کےلیے سہولت ہوتی ہے( فوٹو سبق)
سعودی عرب میں مکہ مکرمہ میونسپلٹی کے ترجمان اسامہ زیتونی نے کہا ہے کہ ’مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ (منی، مزدلفہ اور عرفات) کے پہاڑی انڈر پاس (سرنگیں) مقامی شہریوں، مقیم غیرملکیوں، زائرین کو ٹرانسپورٹ کی بڑی سہولت فراہم کررہے ہیں‘۔
میونسپلٹی ان کی دیکھ بھال کا پروگرام نافذ کررہی ہے۔ مقررہ نظام الاوقات کے مطابق انڈر پاسز کی اصلاح و مرمت کی جارہی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ترجمان نے کہا کہ’ پہاڑوں کو تراش کر بنائی گئی سرنگوں سے زائرین اور شہریوں کو مسجد الحرام، منی، مزدلفہ اورعرفات آمد ورفت کےلیے وقت کی بڑی بچت ہوتی ہے‘۔
انہوں نے کہاکہ’ مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ کی پہاڑی سرنگوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی مینٹیننس ٹیمیں مقررہ نظام الاوقات کے مطابق کام کررہی ہیں‘۔
مکہ میونسپلٹی کے ترجمان نے بتا یا کہ ’مکہ میں 58 پہاڑی سرنگیں ہیں۔ ان کی مجموعی لمبائی 35 کلو میٹر سے زیادہ ہے۔ ان میں سے 40 سرنگیں مکہ مکرمہ اور 18 مشاعر مقدسہ میں ہیں۔ یہ تمام سرنگیں سلامتی اور روشنی اور آگ بجھانے والے سسٹم سے آراستہ ہیں۔ 32 کنٹرول سٹیشن ان کے نگراں ہیں‘۔
’بجلی بچانے اور زیادہ روشنی دینے والے 48 ہزار سے زیادہ بلب،451 ایگزاسٹ فین لگے ہیں جبکہ 36 ریزرو جنریٹر، 38 ہائی پریشر واٹر پمپ، 35 واٹر ٹینک، 9 کمپیوٹر سسٹم، 9 کاربن مونو آکسائڈ آلات اور سرنگوں کا درجہ حرارت و رطوبت ریکارڈ کرنے والے 182 حساس آلات موجود ہیں‘۔
علاوہ ازیں پانی، ہوا اور نظر کے سٹینڈرڈ کا پتہ لگانے کے لیے 500 آلات بھی نصب ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ ’مکہ میونسپلٹی ان دنوں پہاڑی سرنگوں کی تکنیکی اصلاح و مرمت کا کام خصوصی ٹیموں سے کرا رہی ہے۔ دیواروں کی بھرائی کا کام ہورہا ہے۔ پانی کا رساؤ روکنے کے انتظامات ہورہے ہیں۔ رمضان اور حج موسم سے قبل یہ تمام کام مکمل کرلیے جائیں گے‘۔