Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی سیلاب زدگان کے لیے عوامی عطیات مہم میں 153 ملین ریال جمع

سعودی مندوب نے جنیوا کانفرنس میں سعودی عرب کا موقف پیش کیا ہے ( فوٹو عکاظ)
جنیوا کانفرنس میں اقوام متحدہ کے متعین سعودی مندوب عبدالمحسن حثیلہ نے کہا ہے کہ ’شاہ سلمان بن عبدالعزیز برادر ملک پاکستان میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہدایت جاری کرچکے ہیں۔ یہ فیصلہ پاکستان اور برادر عوام کی اقتصادی ترقی میں سعودی عرب کے روایتی کردار کا اٹوٹ حصہ ہے‘۔ 
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وہ پیر کو پاکستان کی امداد کے لیے جنیوا کانفرنس میں سعودی عرب کا موقف پیش کررہے تھے۔
سعودی عرب نے پاکستان میں سیلاب اور اس سے ہونے والے جانی و مالی نقصان کی تلافی اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو کی مدد کے لیے کی جانے والی عالمی کانفرنس میں برادر ملک پاکستان اور اس کےعوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کانفرنس میں شرکت کی۔
سعودی مندوب نے کہا کہ’ پاکستان کا انسانی بحران ظاہر کررہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے المیوں سے ایسےکم ترقی پذیر ممالک  متاثر ہورہے ہیں جن کا ان المیوں میں کردار بہت کم ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ’ یہ صورتحال اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ موسمیاتی تبدیلی سے متعلق اقوام متحدہ کے معاہدے اور پیرس معاہدے کے اصولوں، حکمت عملی اور عہد و پیمان کی معاہدوں میں شریک ممالک پابندی کریں‘۔
’ مملکت اس سلسلے میں یہ بات ریکارڈ پر لانا چاہتی ہے کہ موسمیاتی تبدیلی سے متعلق کسی بھی تجویز کو معاہدوں کے دائرے میں حل  کیا جانا ضروری ہے‘۔
انہوں نے زور دیا کہ ’عالمی برادری پاکستان کے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو کی فنڈنگ میں حصہ لے‘۔ 
’سعودی عرب انسانی المیے کی شروعات سے پاکستان اور برادر عوام کے ساتھ ہے۔ ہر سطح اور ہر شعبے میں دونوں ملکوں کے عوام  گہرے برادرانہ تعلقات اور رشتوں سے جڑے ہوئے ہیں‘۔

شاہ سلمان مرکز کے ذریعے مملکت نے پاکستان میں امدادی کام کیے ہیں(فوٹو ٹوئٹر)

عبدالمحسن حثیلہ نے کہا کہ ’شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے ذریعے مملکت نے پاکستان میں انسانیت نواز امدادی کام کیے ہیں۔ پاکستانی عوام کے لیے ہنگامی امدادی سامان بھیجنے کے لیے فضائی پل قائم کیا جبکہ ٹرکوں کے ذریعے امدادی سامان بھجوایا گیا‘۔ 
’پاکستان میں سیلاب زدگان کے لیےعوامی عطیات مہم بھی چلائی گئی جس میں اب تک 153 ملین ریال سے زیادہ جمع ہوچکے ہیں۔‘
سعودی مندوب کا کہنا تھا’ سعودی عرب اس کے علاوہ پاکستان کی اقتصادی  و ترقیاتی مدد کرتا رہا ہے۔ جس کا ثبوت پاکستانی  سینٹرل بینک میں ڈپازٹ کی جانے والی رقم، قرضے اور ترقیاتی منصوبوں کی فنڈنگ ہیں۔ مملکت نے پاکستان کے سینٹرل بینک  میں 3 ارب ڈالر ڈپازٹ میں توسیع کی ہے۔ اس کے علاوہ سعودی ترقیاتی فنڈ نے متعدد ترقیاتی منصوبے نافذ کیے ہیں‘۔ 
سعودی مندوب نے مزید کہاکہ موجودہ بحران کے دوران پاکستانی عوام اور حکومت کی مدد کے سلسلے میں سعودی کوششوں کا دائرہ سرکاری اورعوامی سطح تک محدود نہیں بلکہ اس کا سلسلہ انسانیت نواز و ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد تک پھیلا ہوا ہے۔ سعودی رضاکار پاکستان میں میڈیکل کیمپ بھی لگا رہے ہیں۔ قومی اداروں کے ماہرین پاکستان میں رضاکارانہ خدمات انجام دے رہے ہیں۔ 

شیئر: