Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روہت شرما نے سری لنکن کپتان کو رن آؤٹ کرنے کی اپیل واپس لے لی

انڈیا نے سری لنکا کو تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں 67 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔
گوہاٹی میں کھیلے گئے اس ہائی سکورنگ میچ میں جہاں بیٹرز نے خوب رنز بنائے وہیں میچ کے آخری اوور میں ایک دلچسپ چیز دیکھنے میں آئی۔
ہوا کچھ یوں کہ جب انڈین بولر محمد شامی 50ویں اوور کی چوتھی گیند کروانے آئے تو نان سٹرائیکر اینڈ یعنی بولر کی جانب کھڑے ہوئے سری لنکن کپتان داسن شناکا کریز چھوڑ کر نکل پڑے جنہیں محمد شامی نے 'منکڈ' کر دیا۔

محمد شامی کی جانب سے نان سٹرائیکر اینڈ پر رن آؤٹ کرنے کے بعد فیلڈ امپائر نے ٹی وی امپائر سے رجوع کیا تاہم انڈین کپتان روہت شرما نے اپیل واپس لے لی۔

جس وقت شامی نے داسن شناکا کو رن آؤٹ کیا تب وہ 98 کے سکور پر کھیل رہے تھے تاہم اس کے بعد انہوں نے اپنی سنچری بھی مکمل کر لی۔
وزڈن انڈیا کے مطابق روہت شرما نے اس بارے میں کہا کہ 'مجھے پتہ نہیں چلا کہ شامی نے ایسا کیا ہے، وہ 98 پر کھیل رہا تھا، ہم اسے ایسے آؤٹ نہیں کر سکتے تھے، ہم اسے ایسے آؤٹ کرنا چاہتے تھے جیسے وہ خود آؤٹ ہونا چاہتا تھا، ہم نے اِس (منکڈ) کے بارے میں سوچا نہیں تھا۔'
اس سے پہلے ٹاس ہارنے کے بعد انڈیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 373 رنز بنائے۔
انڈیا کی جانب سے وراٹ کوہلی نے اپنے ون ڈے کیریئر کی 45ویں سنچری بناتے ہوئے 113، روہت شرما نے 83 اور شبھمان گل نے 70 رنز سکور کیے۔
ہدف کے جواب میں سری لنکن ٹیم  مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 306 رنز بنا سکی۔
سری لنکا کی جانب سے کپتان داسن شناکا نے 108 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ پاتھم نشانکا نے 72 اور دھننجایا ڈی سلوا نے 47 رنز بنائے۔
انڈیا کی طرف بولنگ کرتے ہوئے عُمران ملک نے 3 اور محمد سراج نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ کلکتہ میں 12 جنوری کو کھیلا جائے گا۔

شیئر: