پی سی بی اور مکی آرتھر کے درمیان معاہدہ کھٹائی میں پڑ گیا
پاکستان نے 2017 کی چیمپیئنز ٹرافی بھی مکی آرتھر کی کوچنگ میں جیتی تھی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور معروف کرکٹ کوچ مکی آرتھر کے درمیان ٹیم کی کوچنگ کا معاہدہ کھٹائی میں پڑ گیا ہے۔
منگل کے روز پی سی بی کی جانب سے ایک پریس ریلیز جاری کی گئی ہے جس سے اس بات کی تصدیق ہوگئی ہے کہ مکی آرتھر اور پی سی بی کے درمیان معاہدہ مزید طے پاتا نظر نہیں آ رہا۔
پی سی بی نے کہا ہے کہ ’پاکستان کرکٹ بورڈ مکی آرتھر سے ایشیا کپ، آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ، آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2024 اور آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے لیے انہیں ہیڈ کوچ بنانے کے رابطے کی تصدیق کرتا ہے۔‘
پی سی بی نے مزید کہا کہ ’البتہ ان کے ڈربی شائر (کاؤنٹی کرکٹ کلب) کے ساتھ طویل معاہدے کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے پی سی بی نے ان سے کنسلٹنٹ کے طور پر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تاہم یہ آپشن فریقین کے لیے مشکل ثابت ہو رہا ہے۔‘
اس صورتحال کے بعد پی سی بی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے موزوں ہیڈ کوچ کی تلاش شروع کر دی ہے اور اس کے لیے چند بڑے نام زیرِغور ہیں۔
مکی آرتھر اس سے قبل بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ رہے چکے ہیں۔
پی سی بی نے انہیں مئی 2016 میں قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ تعینات کیا تھا۔
پاکستان نے 2017 کی چیمپیئنز ٹرافی بھی مکی آرتھر کی کوچنگ میں جیتی تھی تاہم آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد انہیں اگست 2019 میں ٹیم کی کوچنگ چھوڑنا پڑ گئی تھی۔
مکی آرتھر پاکستان کے علاوہ آسٹریلیا، سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے بھی ہیڈ کوچ رہے چکے ہیں تاہم 2021 سے وہ انگلش کاؤنٹی کرکٹ کلب ڈربی شائر کی ذمہ داریاں سنبھال رہے ہیں۔