Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اقوام متحدہ کی صنعتی ترقی کی تنظیم سعودی عرب کے ساتھ تعاون بڑھائے گی

اقوام متحدہ کی صنعتی ترقی کی تنظیم کے ڈائریکٹر جنرل انڈسٹریل زون کا بھی دورہ کریں گے ( فوٹو: ایس پی اے)
اقوام متحدہ کے ایک اعلٰی عہدیدار نے سعودی عرب کے دورے کے موقع پر عہد ظاہر کیا ہے کہ عالمی ادارے کی تنظیم مملکت کے ساتھ مزید کام کرے گی کیونکہ وہ اپنی معیشت کو متنوع بنانا چاہتی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اقوام متحدہ کی صنعتی ترقی کی تنظیم کے ڈائریکٹر جنرل جیرڈ مولر نے سعودی وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر الخریف سے ملاقات میں اپنی تنظیم اور مملکت کے درمیان مزید تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔
پریس ریلیز کے مطابق جیرڈ مولر نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے شروع کی گئی سعودی عرب کی قومی صنعتی حکمت عملی کی تعریف کی جس کا مقصد مملکت میں صنعتی سہولتوں کو 10 ہزار 640 سے بڑھا کر 2035 تک تقریباًً 36 ہزار کرنا ہے۔
اقوام متحدہ کے اہلکار نے سعودی انڈسٹریل ڈویلپمنٹ فنڈ کے سی ای او سے بھی ملاقات کی جو صنعتی سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینے، مقامی صنعت کو مضبوط بنانے اور اس کی کارکردگی کو بڑھانے کے لیے قائم کیا گیا تھا۔
جیرڈ مولر نے کہا کہ ’اقوام متحدہ کی صنعتی ترقی کی تنظیم کان کنی، توانائی، ڈیکاربونائزیشن، ڈیجیٹلائزیشن اور کوالٹی سٹینڈرز جیسے شعبوں میں سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعاون میں اضافہ کرے گی۔‘
جیرڈ مولر کی سعودی فنڈ برائے ترقی کے سی ای او سلطان بن عبدالرحمٰن المرشد اور شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے سپروائزر جنرل ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ سے بھی ملاقات متوقع ہے۔
اقوام متحدہ کے اہلکار نے فیوچر منرلز فورم کی وزارتی گول میز کانفرنس سے خطاب کرنا تھا جو 10 جنوری کو ریاض میں شروع ہوئی اور 12 جنوری تک جاری رہے گی۔
جیرڈ مولر ریاض سیکنڈ انڈسٹریل سٹی اور رائل کمیشن فار جبیل اور ینبع کا بھی دورہ کرنے والے ہیں۔

شیئر: