رونالڈو کی کلائی پر بندھی عربی ہندسوں والی گھڑی کی کہانی کیا ہے؟
رونالڈو کی کلائی پر بندھی عربی ہندسوں والی گھڑی کی کہانی کیا ہے؟
جمعرات 12 جنوری 2023 6:00
رونالڈ کی کلائی پر بندھی گھڑی توجہ کا مرکز بن گئی جس کے ہندسے عربی زبان میں تھے (فوٹو: سکرین گریب)
عالمی چیمپیئن کرسٹیانو رونالڈو سعودی عرب کے النصر کلب کے ساتھ معاہدے بعد سے مسلسل خبروں میں ہیں۔ فٹبال کے شائقین اور ان کے مداح ان کی سرگرمیوں پر گہری نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔
’العربیہ نیٹ‘ کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو کی گراؤنڈ سے باہر کی سرگرمیاں بھی مداحوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔
’النصر کلب کا خواب متاثر کن ہے۔‘ پرتگالی فٹبالر نے جب پیلی شرٹ پہن کر یہ جملہ کہا تو لمحوں میں یہ خبر پوری دنیا میں پھیل گئی اور لوگ ’مرسول پارک گراؤنڈ‘ میں رونالڈو کو دیکھنے کے لیے پہنچ گئے جہاں ان کی شمولیت کے بعد پہلا میچ ہونا تھا۔
گو کہ اس میچ میں رونالڈو نے کھیلا نہیں لیکن وہ گراؤنڈ میں پہنچنے والے اولین افراد میں سے تھے۔ وہ سٹیج پر موجود رہے اور مداحوں کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔
جب ان کی تصاویر سوشل میڈیا پر آئیں تو ان کی کلائی پر بندھی گھڑی توجہ کا مرکز بن گئی جس کے ہندسے عربی زبان میں تھے۔
کرسٹیانو رونالڈو نے کون سی گھڑی پہنی تھی؟ اس بارے میں ’واچ ورلڈ‘ نے ’العربیہ نیٹ‘ کو بتایا کہ ’یہ ’رولیکس‘ برانڈ کی ’کوسمو گراف ڈیٹونا‘ گھڑی ہے جس میں ہیرے جڑے ہوئے ہوتے ہیں۔ اس کا نام مشہور فرانسیسی بریڈ کی نسبت سے رکھا گیا ہے۔
’واچ ورلڈ ‘ کے مطابق عربی ہندسوں والی اس گھڑی کی قیمت لگ بھگ 6 لاکھ 50 ہزار سعودی ریال ہے۔ اس کا پہلا ماڈل 1963 میں متعارف کرایا گیا تھا۔
یہ گھڑی بنیادی طور پر کار ریسرز کی ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے تیار کی گئی تھی۔ اپنی بہترین کارکردگی، مسافت ماپنے کے نظام اور ڈائل میں موجود تین کاؤنٹرز کی وجہ سے یہ منفرد گھڑی ہے۔
اس کا چین اور ڈائل سٹین لیس ہے جبکہ اس کی سطح کو خراشوں سے محفوظ بنایا گیا ہے۔ اس کے اوپر سونے یا چاندی کی باریک سی تہہ بھی لگائی جاتی ہے۔