Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سُپر پنجابی: ’کامیڈی فلموں میں نئی تاریخ رقم کرے گی‘

فلم شارٹ کٹ 20 جنوری کو ریلیز ہونے جا رہی ہے (فوٹو: سکرین گریب)
اگر دیکھا جائے تو گزشتہ برس پنجابی زبان نے شوبز اور میوزک انڈسٹری میں راج کیا۔ شاید یہ بات کراچی سے تعلق رکھنے والے ہدایت کار ابو علیحہ کو پہلے ہی سمجھ آ گئی تھی کہ اگر پاکستان میں بیٹھ کر کامیاب فلم بنانی ہے تو پنجابی زبان میں بنانا ہو گی۔
پنجابی ایک ایسی زبان ہے جسے ایشیا سمیت برطانیہ، امریکہ اور کینیڈا سمیت بہت سارے ملکوں میں بولا اور سمجھا جاتا ہے۔ ایسا ہی ماننا ہے ابو علیحہ کا بھی، اسی لیے ان کی لگاتار دو پنجابی فلمیں ’شاٹ کٹ‘ اور ’سُپر پنجابی‘ جلد ریلیز ہونے جا رہی ہے ۔
ان کا کہنا ہے مولا جٹ نے پنجابی سینما کو بین الاقوامی سطح پر پہنچا دیا ہے، لیکن اس کامیابی سے فائدہ اٹھانے کے لیے ہماری انڈسٹری کے پاس کوئی موثر پلان نہیں ہے۔
گزشتہ ماہ فلم ’سُپر پنجابی‘ کی پہلی جھلک منظر عام پر آئی تو دیکھ کر ایسا لگا کہ پوسٹر بالی وڈ کی فلموں کو دیکھ کر بنایا گیا ہے کیونکہ بن ٹھن کر بائیک چلاتی لڑکی اور اس کے پیچھے بیٹھا سہما ہوا لڑکا ایسا ہمیں کئی بار دیکھنے کو ملا۔
اگر آپ کو شاہ رخ خان کی فلم ’رب نے بنا دی جوڑی‘ اور اجے دیوگن کی فلم ’سن آف سردار‘ یاد ہو تو ’سُپر پنجابی‘ کے پوسٹر کو دیکھ ایک لمحے کے لیے آپ کو ان دونوں فلموں کا ایک ایک منظر ضرور یاد آ سکتا ہے۔
لیکن جب پوسٹر کے حوالے سے ہدایت کار سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے کوئی فوٹو شوٹ نہیں کیا یہ پوسٹر دراصل فلم کا ایک منظر ہے نا کہ ہم نے کسی فلم کی کاپی کی ہے۔‘ 
فلم کی کاسٹ میں محسن عباس حیدر، صائمہ بلوچ، ثنا، افتخار ٹھاکر اور ناصر چنیوٹی سمیت دیگر فنکار شامل ہیں۔ یہ فلم متوقع طور پر رواں برس فروری میں ریلیز ہو گی۔
فلم کے ہدایت کار ابو علیحہ نے فلم کو ون سپیل شوٹ کیا ہے۔ فلم کے پرڈیوسرز صفدر ملک ہیں جو اس سے قبل ہدایت کار سید نور کے ساتھ فلم ’تیرے باجرے دی راکھی‘ پرڈیوس کر چکے ہیں۔
 فلم میں محسن حیدر عباس کے انتخاب کے حوالے سے ابو علیحہ کا کہنا تھا کہ ’فلم میں جو کردار محسن نے ادا کیا ہے جس طرح کی ادائیگی کے ساتھ پنجابی بولی ہے وہ ان سے اچھا کوئی اور نہیں کرسکتا تھا۔‘

فلم ساز کا دعویٰ ہے کہ ان کی فلم (سُپر پنجابی) پنجابی کامیڈی فلموں میں ایک نئی تاریخ رقم کرے گی (فوٹو: ٹوئٹر)

فلم میں ‌مرکزی کردار کرنے والی صائمہ بلوچ اس فلم سے قبل ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ میں بھی ایک اہم کردار ادا کر چکی ہیں۔
دیکھا جائے تو گزشتہ 20 سالوں میں بہت سی پنجابی فلمیں بنیں، لیکن سوائے ’مولا جٹ‘ کے کوئی اور فلم ایسی نہیں رہی جس نے مقبولیت کے جھنڈے گاڑے ہوں۔
فلم ساز کا دعویٰ ہے کہ ان کی فلم (سُپر پنجابی ) پنجابی کامیڈی فلموں میں ایک نئی تاریخ رقم کرے گی کیونکہ ان کا مقصد ایک ماڈرن پنجابی سینما لوگوں کو دکھانا ہے، تاہم انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمارے یہاں فلموں میں کامیڈی کردار نہیں بنائے جاتے بلکہ ایک دوسروں پر جگتیں لگانے کو کامیڈی کہتے ہیں۔‘
سال 2023 میں اب تک سب سے زیادہ جس فلم کا انتظار کیا جا رہا ہے وہ فیصل قریشی کی فلم ’منی بیک گارنٹی‘ ہے جس کی کاسٹ میں انڈسٹری کے بڑے ستارے شامل ہیں، جبکہ ابو علیحہ کی یقینی طور پر چار فلمیں ریلیز ہوں گی جن میں پہلی فلم ’شارٹ کٹ‘ 20 جنوری کو ریلیز ہونے جا رہی ہے جبکہ ’سُپر پنجابی‘ فروری، ’دادل‘ عیدالفطر اور ’فنی خرابی‘ بڑی عید پر ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

شیئر: