سعودی نوجوانوں نے عازمین حج کے لیے’ ہینڈ فری چھتری‘ بنالی
حج وعمرہ نمائش وکانفرنس میں بھی اسے متعارف کرایا گیا ہے ( فوٹو عاجل)
سعودی نوجوانوں پرمشتمل ایک گروپ نے عازمین حج کی سہولت کے لیے ہینڈ فری چھتری کی تیاری میں کامیابی حاصل کی ہے۔
ہینڈ فری چھتری کے ماڈلز کو جدہ سپرڈوم میں ہونے والی حج وعمرہ نمائش وکانفرنس میں بھی متعارف کرایا گیا ہے۔ چھتری کو بڑی تعداد میں لوگوں نے پسند کیا۔
عاجل نیوز کے مطابق ہینڈ فری چھتری تیار کرنے والے گروپ کے سربراہ عبداللطیف السبیعی نے الاخباریہ ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ’ چھتری تیار کرنے کی بنیادی سوچ حجاج کو خانہ کعبہ کا طواف کرتے دیکھ کرآیا‘۔
دوران طواف اورمشاعرمقدسہ میں دھوپ سے بچنے کے لیے چھتری استعمال کرنا ہوتی ہے۔ روایتی چھتری کے نقصانات کافی ہیں۔ تیز ہوا سے یہ ٹوٹ جاتی ہے جبکہ اس کے نکلے ہوئے تار دوسروں کولگتے ہیں جس سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
عبداللطیف نے مزید کہا کہ ’چھتری کی فکرکو عملی شکل میں ڈھالنے میں تین سے چار برس کا عرصہ لگا۔ کوشش تھی کہ ایک ایسی چیز تیار کی جائے جسے استعمال کرنا آسان ہواوراس کے فوائد زیادہ ہوں‘۔
گروپ میں شامل ایک اوررکن نے بتایا کہ ’ہینڈ فری چھتری کو پہننا انتہائی آسان ہے۔ اس کے ساتھ جو بیلٹ دی گئی ہیں وہ آسانی سے کمرکے گرد کسی جاتی ہیں جس کی وجہ سے چھتری کو ہاتھ میں اٹھائے نہیں پھرنا پڑتا’۔
علاوہ ازیں اسے جس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے اس سے دوسرے لوگوں کو بھی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔