Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: سابق ریاست حیدرآباد کے آٹھویں نظام مکرم جاہ بہادر انتقال کر گئے

مکرم جہاہ بہادر کی تدفین آصف جاہی کے خاندانی قبرستان میں ہو گی۔ (فوٹو: حیدرآباد کرونیکل)
انڈیا کی سابق ریاست حیدرآباد کے آٹھویں نظام مکرم جاہ بہادر استنبول میں انتقال کر گئے ہیں۔
انڈین اخبار حیدرآباد کرونیکل کے مطابق مکرم جاہ بہادر ریاست حیدرآباد کے انڈیا سے الحاق سے قبل اس کے آخری فرمانروا اور ساتویں نظام عثمان علی خان کے پوتے تھے۔
ان کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے ’ہم یہ بتاتے ہوئے نہایت غمزدہ ہیں کہ حیدرآباد کے آٹھویں نظام نواب میر برکت علی خان والا شان مکرم جاہ بہادر کا استنبول میں گزشتہ رات انتقال ہو گیا ہے۔‘
بیان میں کہا گیا ہے ’ان کی اپنے آبائی وطن میں تدفین کی خواہش کے مطابق ان کے بچے ان کی میت کے ساتھ منگل 17 جنوری کو حیدرآباد پہنچیں گے۔‘
میت آمد کے بعد چومحلہ پیلس لے جائی جائے گی۔ آخری رسومات کے بعد ان کی تدفین آصف جاہ کے خاندانی قبرستان میں ہو گی۔
مکرم جاہ حیدرآباد کے آٹھویں نظام ضرور تھے مگر ان کے پاس کوئی اختیار نہیں تھا۔

شیئر: