گھریلو عملے کا آن لائن نقل کفالہ، محکمہ پاسپورٹ نے طریقہ کار جاری کردیا
کارکن اور نئے کفیل کی منظوری بھی نقل کفالہ کے لیے ضروری ہوگی(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی محکمہ پاسپورٹ نے گھریلو عملے کے آن لائن نقل کفالہ کا طریقہ کار جاری کیا ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق سعودی محکمہ پاسپورٹ نے بیان میں کہا کہ ’جن شہریوں نے ’ابشر‘ پلیٹ فارم پر اندراج کرایا ہے اور ان کا ’ابشر‘ موثر ہے تو وہ گھریلو عملے کا نقل کفالہ آن لائن کراسکتے ہیں‘۔
محکمہ پاسپورٹ نے مزید کہا کہ’ گھریلو عملے کے نقل کفالہ کے لیے ضروری ہے کہ موجودہ کفیل ابشر پلیٹ فارم پر جاکر اپنے گھریلو کارکن کے نقل کفالہ کےلیے اجازت دے ۔ گھریلو کارکن اور نئے کفیل کی منظوری بھی نقل کفالہ کے لیے ضروری ہوگی‘۔
’ابشر پلیٹ فارم پر7 روز کے اندر گھریلو کارکن اور نئے کفیل کو اپنی منظوری ریکارڈ کرانا ہوگی۔ نقل کفالہ اسی صورت میں ہوسکتا ہے جبکہ نئے کفیل اور گھریلو کارکن کے خلاف کوئی ٹریفک خلاف ورزی ریکارڈ پر نہ ہو۔ گھریلو کارکن کے خلاف ھروب کی رپورٹ بھی نہییں ہونی چاہیے‘۔
محکمہ پاسپورٹ کے مطابق’ گھریلو کارکن کا نقل کفالہ صرف چار بار ہوسکتا ہے۔ نقل کفالہ کے وقت ضروری ہے کہ گھریلو کارکن کے اقامے کی میعاد میں پندرہ دن یا اس سے زیادہ دن باقی ہوں۔ اس کے علاوہ نقل کفالہ کی فیس بھی ادا کرنا ہوگی‘۔