Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیر ملکی کارکنان کے نقل کفالہ کے لیے نئے طریقہ کار کا دوسرا مرحلہ

نیا کفیل غیرادا شدہ ’مقابل مالی‘ ادا کرنے کا پابند نہیں ہوگا( فائل فوٹو عکاظ)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے تمام نجی اداروں اور کمپنیوں پر نقل کفالہ کے نئے طریقہ کار کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا ہے۔
اس کے تحت نیا کفیل غیر ادا شدہ ’مقابل مالی‘ ادا کرنے کا پابند نہیں ہوگا۔ اس کے بغیر ہی نقل کفالہ ہوجائے گا۔
عکاظ اخبار کے مطابق وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے بیان میں کہا کہ’ نقل کفالہ کا ترمیم شدہ طریقہ کار تمام نجی کمپنیوں و اداروں کے لیے ہے۔ یہ کسی ادارے کمپنی کے لیے خاص نہیں ہے‘۔
’نقل کفالہ کے ترمیم شدہ طریقہ کار کا پہلا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد اب دوسرا مرحلے مرحلے کے نفاذ کی شروعات کی گئی ہے‘۔
وزارت کا کہنا ہے کہ ’دوسرا مرحلہ لیبرمارکیٹ کی حکمت عملی کے اہداف پورے کرے گا۔ اس کی بدولت لیبرمارکیٹ کی کارکردگی بہتر ہوگی اور کارکنان کے حقوق کا معیار بلند ہوگا۔‘
وزارت افرادی قوت کے مطابق’ نئے طریقہ کار کے بموجب کارکن سابق آجر کی جانب سے غیر ادا شدہ مقابل مالی کے باوجود نقل کفالہ کراسکے گا۔‘ نقل کفالہ سے پہلے والے مقابل مالی کی ادائیگی نئے آجر کی ذمے داری نہیں ہوگی۔ یہ پرانے آجر ہی کو ادا کرنا ہوگا البتہ نئے  آجر سے نقل کفالہ کی تاریخ کے بعد سے مقابل مالی طلب کیا جائے گا اور یہ اس کی ذمہ داری ہوگی۔
وزارت کا کہنا ہے کہ نئے طریقہ کار پر عمل درآمد سے تمام فریقوں کو سہولت ملے گی۔ اس کی وجہ سے غیر ادا شدہ مقابل مالی کی رقم میں اضافہ نہیں ہوگا۔ نیا آجر غیر ادا شدہ مقابل مالی کا ذمہ دار نہیں ہوگا اور وہ اجیر کی خدمات قانونی طور پر حاصل کرسکے گا۔ اس طریقہ کار کی بدولت اجیر بھی سابق آجر اور نئے آجر کے درمیان مقابل مالی کے تنازع سے آزاد ہوجائے گا۔

شیئر: