Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نان سٹرائیکر اینڈ پر منفرد طریقے سے ایک اور بیٹر رن آؤٹ ہو گیا

کرک انفو نے جیرہارڈ اریسمس کے اس طریقے سے آؤٹ ہونے کو ’بدقسمت رن آؤٹ‘ قرار دیا (فوٹو: کرک انفو)
حالیہ دنوں میں کرکٹ کے مقابلوں میں نان سٹرائیکر اینڈ یعنی بولر کی سائیڈ پر کھڑے ہوئے بیٹر کے رن آؤٹ بالخصوص ’منکڈ‘ کے بارے میں کافی باتیں ہو رہی ہیں۔
اسی سلسلے میں یو اے ای میں ہونے والی انٹرنیشنل لیگ ٹی20 میں بھی نان سٹرائیکر اینڈ پر ایک رن آؤٹ دیکھنے میں آیا ہے، لیکن یہ رن آؤٹ ’منکڈ‘ نہیں ہے۔
پیر کے روز دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں دبئی کیپیٹلز اور گلف جائنٹس کے درمیان کھیلے گئے میچ میں دبئی کیپیٹلز کے راومین پاول نے جب اننگز کے 15ویں اوور کی چوتھی گیند کروائی تو بیٹر جیمز ونس نے سیدھی شاٹ کھیلی جو دوسرے اینڈ پر وکٹوں میں جا لگی۔
شاٹ لگنے کے بعد نان سٹرائیکر اینڈ پر کھڑے بیٹر جیرہارڈ اریسمس رن لینے کے لیے تیزی سے بھاگے، لیکن ویسٹ انڈین کھلاڑی نے گیند کو پکڑ کر وکٹ کو اکھاڑ دیا جس کے بعد اریسمس رن آؤٹ ہوگئے۔
کرکٹ کی ویب سائٹ کرک انفو نے جیرہارڈ اریسمس کے اس طریقے سے آؤٹ ہونے کو ’بدقسمت رن آؤٹ‘ قرار دیا ہے۔
اس سے پہلے 2018 میں بھی ہو بہو ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا جس میں نیدرلینڈز اور نیپال کے میچ کے دوران بولر نے اسی طرح نان سٹرائیکر کو رن آؤٹ کر دیا تھا۔
گزشتہ کچھ ہفتوں سے کرکٹ حلقوں میں نان سٹرائیکر اینڈ پر رن آؤٹ ہونے کی بحث دیکھنے میں آ رہی ہے۔
آسٹریلوی ٹی20 بگ بیش لیگ میں میلبرن سٹارز کے سپنر ایڈم زمپا نے مخالف کھلاڑی کو منکڈ کرنے کی کوشش کی تو ٹی وی ایمپائر نے اسے ناٹ آؤٹ قرار دے دیا کیونکہ ایڈم زمپا نے گیند کروانے کے لیے اپنا بازو سیدھا کر لیا تھا۔
اس کے بعد سری لنکا اور انڈیا کے درمیان کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں جب محمد شامی نے سری لنکن کپتان داسن شناکا کو رن آؤٹ کیا تو روہت شرما نے اپیل واپس لے لی۔
اس کے علاوہ جنوبی افریقہ میں جاری آئی سی سی انڈر 19 ٹی20 ورلڈ کپ کے میچ کے دوران پاکستانی بولر زیب النساء نے روانڈا کی بیٹر شکیلا نیومُوہوزا کو منکڈ کے طریقے سے رن آؤٹ کر دیا۔

شیئر: