انڈیا کا سری لنکا کو 317 رنز سے ہرا کر کلین سویپ
اتوار 15 جنوری 2023 20:21
سری لنکا کی پوری ٹیم 22 اوورز میں 73 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی (فوٹو: اے ایف پی)
سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میچ میں کوہلی نے ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے 166 رنز بنائے اور یوں انڈیا نے سری لنکا کو 317 رنز سے ہرا کر تین میچز کی سیریز کیلن سویپ کر لی۔
انڈیا نے اس میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جو اس کے لیے درست ثابت ہوا۔
سری لنکا کی پوری ٹیم 22 اوورز میں 73 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ سری لنکا کی ٹیم میچ کے آغاز ہی سے اچھا کھیل پیش نہ کر سکی اور یکے بعد یگرے اس کی وکٹیں گرتی رہیں۔
انڈیا کے فاسٹ بولر محمد سراج نے 32 رنز دے کر 4، جبکہ محمد شامی اور کلدیپ یادوو نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
وراٹ کوہلی 268 ون ڈے میچز میں 12 ہزار 754 رنز بنا کر دنیا میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹرز میں پانچویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔
کپتان روہت شرما اور شبھم گِل کے درمیان 95 رنز کی شراکت داری بنی، لیکن روہت شرما 42 رن بنانے کے بعد آوٹ ہو گئے۔
تاہم اس کے بعد وراٹ کوہلی اور شبھم گِل کی پارٹنرشپ نے انڈیا کو عالمی ریکارڈ بنانے میں مدد فراہم کی۔ شبھم گِل نے بھی 116 بنا کر ون ڈے میں اپنی دوسری سینچری رقم کی۔
انڈیا نے سری لنکا کے خلاف تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کے آخری میچ میں رنز کے اعتبار سے سب سے بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کر کے ورلڈ ریکارڈ قائم کیا۔
اس سے قبل 2008 میں نیوزی لینڈ نے آئرلینڈ کو 290 رنز سے شکست دے کر ون ڈے میں سب سے بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کرنے کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔
انڈیا اب نیوزی لینڈ کی میزبانی کرتے ہوئے تین ون ڈے اور تین ٹی20 میچز کھیلے گا۔ پہلا ون ڈے بدھ کو حیدرآباد میں کھیلا جائے گا۔