Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’رؤی المدینہ‘ منصوبہ، مدینہ کی تین اہم سڑکیں جزوی طور پر بند

 منصوبہ مکمل ہونے تک متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے( فوٹو الوطن)
سعودی عرب میں مدینہ منورہ محکمہ ٹریفک نے ’رؤی المدینہ‘ منصوبے کے دائرے میں انفراسٹریکچر کی تکمیل کے لیے کنگ عبدالعزیز روڈ، کنگ فیصل روڈ اور المطار روڈ جزوی طور پر بند کیا ہے۔
الوطن اخبار کے مطابق محکمہ ٹریفک نے بیان میں یہ نہیں بتایا کہ تینوں سڑکوں کی بندش کا سلسلہ کب تک جاری رہے گا۔
محکمہ ٹریفک نے تینوں سڑکیں استعمال کرنے والے شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے کہا ہے کہ’ وہ منصوبہ مکمل ہونے تک متبادل راستے اختیار کریں‘۔
رؤی المدینہ منصوبہ سعودی وژن 2030 کے اہداف کی تکمیل کے لیے نافذ کیا جارہا ہے۔ اس کی تکمیل سے 2030 تک 30 ملین عمرہ زائرین کی میزبانی میں سہولت ہوگی۔
یہ  منصوبہ 1.5 ملین مربع میٹر کے رقبے پر قائم ہوگا۔ اس کے تحت 47 ہزار رہائشی یونٹ تعمیر ہوں گے۔ منصوبے میں کھلے میدان اور سبزہ زار شامل ہیں۔ منصوبے کا 63 فیصد رقبہ سبزہ زاروں اور کھلے مقامات پر مشتمل ہوگا۔
علاوہ ازیں اس کے تحت زائرین کی سہولت کے لیے 9 بس سٹیشن، میٹرو ٹرین سٹیشن، خودکار گاڑیوں کا ٹریک اور زیر زمین گاڑیوں کی پارکنگ شامل ہے۔

شیئر: