Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پنجاب کے نگراں وزیراعلٰی کی تقرری آئین و قانون کے مطابق ہوئی‘

وزیر دفاع نے کہا ہے کہ عمران خان کے فیصلوں کی قیمت ان کے ورکرز ادا کر رہے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب میں نگراں وزیراعلٰی کی تقرری آئین و قانون کے مطابق کی ہے۔
پیر کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ نگراں وزیراعلٰی پنجاب کے لیے ان کے ناموں پر اعتراض کیا گیا اور پی ٹی آئی نے جس بیورو کریٹ کا نام لیا انہوں نے خود معذرت کر لی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں وزیراعلٰی کے نام پر اتفاق خوش آئند ہے۔ ’پی ٹی آئی کو پنجاب کے نگراں وزیراعلٰی کے نام پر اعتراض ہوگا لیکن پرویز الٰہی کو سب سے زیادہ ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ نگراں وزیراعلٰی پنجاب کے نام پر اعتراض کا کوئی قانونی و آئینی جواز نہیں۔
خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ملک میں غیر یقینی کی صورتحال پیدا کرنا چاہتی ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی نے پہلے استعفے دیے اور اب واپس آنے کے لیے تڑپ رہے ہیں۔
ان کے مطابق جس الیکشن کمیشن کو گالی دے رہے ہیں اب ان سے انصاف مانگ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے غلط فیصلوں کی قیمت ان کے ایم این ایز اور ورکرز ادا کر رہے ہیں۔

شیئر: