السعودیہ کا زائرین اور سیاحوں کے لیے نشستوں کی تعداد میں 40 فیصد اضافہ
جمعرات 26 جنوری 2023 5:09
ایئرلائن کے مطابق ’رواں سال نشستوں کی تعداد 25.3 ملین سے زیادہ کی گئی ہے‘ (فائل فوٹو: الاقتصادیہ)
سعودی عریبین ایئرلائنز (السعودیہ) نے 2022 کے مقابلے میں رواں سال مارکیٹ میں اپنا حصہ 40 فیصد تک بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔
السعودیہ کا کہنا ہے کہ ’2023 کے دوران حج و عمرہ اور سیاحوں کے لیے نشستوں کی تعداد میں 40 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔‘
الاقتصادیہ کے مطابق السعودیہ نے بیان میں کہا کہ ’رواں سال نشستوں کی تعداد 25.3 ملین سے زیادہ کی گئی ہے۔ بین الاقوامی پروازوں کی تعداد 89.8 ہزار ہے جو 2022 کے مقابلے میں 40 فیصد زیادہ ہے۔‘
’اندرون ملک نشستوں کی تعداد میں پانچ لاکھ کا اضافہ کیا گیا ہے۔ ان کی تعداد 17.8 ملین سے زیادہ ہو گئی ہے۔ داخلی پروازوں کی تعداد ایک لاکھ دو ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔‘
السعودیہ نے کہا کہ ’ایئر بس اے 321 این ایکس ساخت کے نئے طیاروں کی پہلی کھیپ پہنچ گئی ہے۔ ان طیاروں میں نشستوں کی تعداد زیادہ ہے۔ 20 نشستیں بزنس کلاس اور 168 نشستیں گیسٹ کلاس کی ہیں۔‘
بیان میں کہا گیا کہ ’السعودیہ اپنی پروازوں کے شیڈول اور آپریشنل پروگرام میں مسلسل بہتری لا رہی ہے۔ کوشش ہے سال بھر مسافروں کو سفر کے لیے مناسب وقت پر خصوصاً سیزن کے دوران پروازیں مہیا ہوں۔‘
السعودیہ نئے ایئرپورٹس کے لیے اپنی پروازوں کا سلسلہ شروع کرنے کی پالیسی پر بھی گامزن ہے۔