Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیلی فوج کی جنین کے پناہ گزین کیمپ میں کارروائی، 9 فلسطینی ہلاک

یروشلم کے علاقے الرام میں اسرائیلی فوج نے 22 سالہ یوسف محیسن کو گولی مار کر ہلاک کیا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
اسرائیلی فوج کے حملوں میں ایک بوڑھی خاتون سمیت 10 فلسطینی ہلاک اور 20 زخمی ہو گئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق فلسطین کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ نو ہلاکتیں جنین کے پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فوج کی کارروائی کے دوران ہوئیں۔
یروشلم کے علاقے الرام میں اسرائیلی فوج نے 22 سالہ یوسف محیسن کو گولی مار کر ہلاک کیا۔
مغربی کنارے کے علاقے میں یہ گزشتہ ایک برس سے زائد کے عرصے میں ایک دن میں ہونے والی سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں جبکہ رواں سال اسرائیلی فوج کی کارروائیوں میں مارے گئے فلسطینیوں کی تعداد 30 تک پہنچ گئی ہے۔
اسرائیل فوج نے کہا ہے کہ اُس کے اہلکار پناہ گزین کیمپ میں تین فلسطینیوں کو حراست میں لینے کے لیے گئے تھے جن کے بارے میں انٹیلی جنس اطلاعات تھیں کہ وہ عسکریت پسند تنظیم اسلامی جہاد سے وابستہ ہیں اور بڑے حملے کی تیاری کر رہے ہیں۔
فلسطین کی ہلال احمر نے بتایا کہ ابتدائی طور پر اسرائیلی فوج نے اُن کے پیرامیڈکس کو کیمپ میں داخل ہونے سے روک دیا تھا جو زخمیوں کو اٹھانے کے لیے گئے تھے۔
اسرائیل کی فوج کے اہلکاروں نے جنین میں سرکاری ہسپتال کے احاطے میں آنسو گیس کے شیل فائر کیے جس نے وہاں زیرِعلاج بچوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ 
فلسطینی وزیراعظم محمد شطیہ نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری مداخلت کر کے بچوں اور خواتین کو تحفظ فراہم کریں تاکہ اسرائیل کو مزید خون بہانے سے روکا جا سکے۔
مشرق وسطیٰ کے امن عمل کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی کوآرڈینیٹر ٹور وینس لینڈ نے کہا کہ ’میں مقبوضہ مغربی کنارے میں جاری تشدد کے سلسلے سے بہت پریشان اور غمزدہ ہوں۔ آج کی جنین میں اسرائیلی گرفتاری کی کارروائی کے دوران عسکریت پسندوں اور ایک خاتون سمیت نو فلسطینیوں کی ہلاکت ایک اور واضح مثال ہے۔‘

شیئر: